آغاز میں کرفیو طرز کے لاک ڈاؤن کا مشورہ دیا تھا: ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 01 جون 2020ء

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس وباء کے ابتدائی ایام میں مشورہ دیا تھا کہ کرفیو طرز کا لاک ڈاؤن کر کے لاکھوں، کروڑوں انسانی زندگیوں کو تحفظ دیا جا سکتا ہے تاہم اس حوالے سے سخت فیصلے نہ کرنے کی وجہ سے آج متاثرین کی تعداد 72 ہزار سے تجاوز کر رہی ہے، کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے وفاق اور صوبے متفقہ لائحہ عمل اپنائیں، ہلاکت خیز کورونا وائرس کو روزمرہ کی سیاست سے الگ رکھا جائے یہ انسانی زندگیوں کے تحفظ کا معاملہ ہے، متاثرین کی جو تعداد بتائی جارہی ہے حقیقی اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہیں، کیونکہ حکومت کے پاس اتنی بڑی تعداد میں ٹیسٹ کرنے کی سہولیات نہیں ہیں، کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں شہر اور دیہات کی تمیز ختم ہو چکی ہے، ہر فرد اور گھر کو اپنی حفاظت خود کرنی ہو گی، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ایک ذمہ داری حکومت کی ہے اور ایک ذمہ داری عوام کی ہے، جب تک ویکسین تیار نہیں ہو جاتی تب تک احتیاط کو ہی علاج سمجھا جائے، وائرس ہلاکت خیز ہے، اسے سنجیدہ لیا جائے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں، دفاتر کو فی الحال فنکشنل نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے عالمگیر تعلیمی، تربیتی، دعوتی پروگرامز کو آن لائن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ قائد تحریک منہاج القرآن نے دعا کی ہے کہ اللہ رب العزت کورونا وائرس کی وباء سے انسانیت کو نجات دے اور جلد سے جلد معمولات زندگی بحال ہوں، انہوں نے عامۃ الناس اور کارکنان سے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں اللہ کی یاد سے غافل نہ ہوں، نماز پنجگانہ باقاعدگی سے ادا کریں اور تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنائیں اور اللہ سے گڑگڑا کر اپنے گناہوں کی معافی بھی مانگتے رہیں۔

تبصرہ

Top