قدوۃ اولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی کے 29 ویں یوم وصال پر دعائیہ تقریب

تحریک منہاج القرآن (بزم قادریہ) کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں حضور پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے 29 ویں یوم وصال کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ صوفیاء کی تعلیمات محبت سکھاتی ہے۔ امن کےلئے صوفیائے کرام کی تعلیمات کو مشعل راہ بنایا جائے۔ زندگیوں کا مطالعہ کیا جائے۔ تعلیمات صوفیاء کو ہم نے نظر انداز کر رکھا ہے اسی لئے ہم ہدایت کے راستوں سے بھٹک رہے ہیں۔ قدوۃ اولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق انسانیت کی اصلاح اور فلاح کے چراغ جلائے ہیں۔ صوفیاء کی تعلیمات سے انفرادی اور اجتماعی امن و سلامتی کا آفتاب طلوع ہو سکتا ہے۔ تعلیمات صوفیاء ہی دین اسلام کی اصل ہے۔ قدوۃ اولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی نے تجدید دین اور تصوف کے احیاء کیلئے عالمگیر سطح پر جو کاوشیں کی ہیں اس نے ہزاروں لاکھوں، مسلمانوں کی زندگیاں بدل دیں اور انہیں دین اسلام کا سچا خادم بنا دیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی کے پیغامات کی روشنی میں اسلامی ثقافت کے احیاء میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے اور اسلام کا پیغام امن و سلامتی اور محبت عام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، احترام اور برداشت کے کلچر کی ضرورت ہے، مثبت رویے عام ہونگے تو امن و سلامتی حاصل ہو جائے گی۔ صوفیاء کرام نے صبر، شکر، توکل، اللہ کی رضا اور خدمت خلق کی تعلیمات دی ہیں۔

دعائیہ تقریب سے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، علامہ رانا محمد ادریس نے بھی خطاب کیا۔ معروف بین الاقوامی شہرت یافتہ ثناء خوان مصطفی الحاج اختر قریشی نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیا۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منہاج القرآن شہزاد رسول قادری نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دئیے۔ دعائیہ تقریب میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، جواد حامد، حافظ عابد بشیر، حاجی منظور حسین، عارف چودھری، مظہر علوی، حاجی محمد اسحق، عرفان یوسف، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، شمیم نمبردار، شیخ آفتاب، سعید اخترو دیگر رہنما شریک تھے۔

تبصرہ

Top