تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت اہم اجلاس

لاہور (21 جولائی 2020) تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اہم اجلاس ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے ممبران کی ایک بڑی تعداد نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں

  1. قربانی مہم 2020
  2. اسیران انقلاب کی رہائی پر بریفنگ
  3. تعمیرات انفراسٹرکچر
  4. کووڈ 19 کی وباء کے دوران فلاحی سرگرمیاں
  5. تنظیمات، شعبہ جات کا مجوزہ بجٹ کا تقابلی جائزہ
  6. مرکزی سیکرٹریٹ کو ایس او پیز کے ساتھ دوبارہ کھولنے
  7. اور دیگر متفرق امور ایجنڈہ پر تھے۔

آغاز اجلاس

تلاوت قرآن پاک کے بعد محترم خرم نواز گنڈاپور ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے ممبران کو خوش آمدید کہا، ایجنڈہ کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کووڈ- 19کی وبا اور کچھ ممبران بیرون ملک ہونے کے باعث اجلاس میں آن لائن شریک ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کا آخری اجلاس فروری 2020 کومنعقد ہوا تھا بعد ازاں کورونا وائرس کی وباء کے خطرناک شکل اختیار کرنے اور حکومت کی طرف سے سماجی فاصلے اختیار کرنے اور اجتماعات پر پابندی، دفعہ 144 کے نفاذکی سخت ہدایات کی وجہ سے مرکزی سیکرٹریٹ کو جزوی طور پر بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے مارچ 2020، اپریل 2020، مئی 2020، جون 2020 کے اجلاس منعقد نہ ہو سکے۔

ایجنڈہ نمبر 1.... :قربانی مہم 20 20

محترم جواد حامد صاحب نے ممبران کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ سال سرکاری سلاٹر ہاؤس کی خدمات لی گئی تھیں جو مرکزسے 12 کلو میٹر کی مسافت پر تھا۔ قربانی کے امور احسن طریقے سے انجام پذیر ہوئے اس سال سرکاری سلاٹر ہاؤس کی ایڈمنسٹریشن نے ایک بڑے غیر ملکی آرڈر کی وجہ سے منہاج القرآن کو سروسز دینے سے معذرت کی ہے جس پر دو سال قبل جس پرائیویٹ سلاٹر ہاؤس کی خدمات لی گئی تھیں، محدود وقت کے باوجود ان سے بات کی گئی اور دو سال قبل والے ریٹس پر انکی دوبارہ خدمات حاصل کی گئی ہیں یہ سلاٹر ہاؤ س مرکز سے 40 کلو میٹر کی مسافت پر ہے جس سے انتظامی امور کی انجام دہی میں کچھ مشکلات کا سامنا ہو گا تا ہم ہماری اولین کوشش ہو گی کہ سب سے پہلے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق حصہ داران کو گوشت کی ترسیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ حصہ داران کو مرکزسے گوشت کا حصہ دیا جائے گا۔ چھترے اور بکرے کے جانور بیت الزاہرہ کے اندر ذبح کئے جائینگے، اس حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسٹیٹیوشنز کے ممبران، ذمہ داران کو آغوش کمپلیکس سے قربانی کا گوشت دیا جائے گا اور عید کے تین ایام میں اضافی ڈیوٹی انجام دینے والے سٹاف کو متبادل چھٹی دی جائے گی۔

سید امجد علی شاہ۔ کنٹری ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان نے بریفنگ دی کہ الحمدللہ امسال بروقت فیصلوں، قائدین کی مکمل رہنمائی اور بہتر ین تشہیری مہم کے باعث قربانی کے جانوروں کی رجسٹریشن گزشتہ سال کی نسبت بہت بہتر ہے، اس ضمن میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا کردار ہمیشہ کی طرح اس سال بھی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محترم چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی خصوصی ہدایات اور رہنمائی کے مطابق منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اس سال عید الضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں مقامی تنظیمات کے تعاون سے 50 مقامات پر اجتماعی قربانی کے انتظا مات کر رہی ہے۔ جس میں کراچی، میر پور، گجرات، ملتان، راولپنڈی ڈویثرن بطور خاص شامل ہیں۔ زونز اورضلعی تنظیمات کے تعاون سے تحصیل کی سطح پر مشاورت سے اجتماعی قربانی کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے اجتماعی قربانی مہم کی جامع کیمپین بھی ڈیزائن کی گئی ہے۔ انہوں نے جملہ شرکاء سے کہا کہ قربانی مہم کے سلسلے میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے دفتر سے رابطہ کر سکتا ہے۔ شرکائے اجلاس نے سوال و جواب بھی کئے اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا

ایجنڈہ آئٹم نمبر 2 اسیران انقلاب کی رہائی

محترم ناظم اعلیٰ صاحب نے اسیران انقلاب کی رہائی کے حوالے سے ممبران کو تفصیل کے ساتھ بریف کرتے ہوئے بتایا کہ اسیران نے مشن کےلئے عظیم قربانی دی اس قربانی پر آج کا یہ اجلاس انکی جرات، صبر و استقامت پر انہیں سلام پیش کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسیران کےلئے قائد تحریک اور تحریک نے جوکردار ادا کیا اور جس طرح انکے قانونی حقوق اور سماجی مسائل کے حل اور کفالت کے حوالے سے ذمہ داری نبھائی اس پر ہم فخر سے کہتے ہیں کہ ایسی کوئی دوسری مثال کسی سیاسی، مذہبی تحریک اور جماعت سے نہیں مل سکتی۔ قائد تحریک حضور شیخ الاسلام نے اسیر کارکنان کی براہ راست نگہداشت کی اور انکے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لی یہ سب کچھ بتانے کا مقصد کو ئی احسان جتلانا نہیں ہے فقط یہ بتانا ہے کہ کارکنان تحریک کا سرمایہ ہیں ان کے انصاف کےلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا گیا۔ تحریک انکے اہل خانہ کی کفالت انکے بچوں کی تعلیم، غمی خوشی میں پوری طرح شریک رہی ہے۔ ایک مقرر شدہ رقم ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو اسیران کے بیوی بچوں کو بلا تعطل مہیا کی جاتی رہی ہے اوریہ سلسلہ تا حال جاری ہے۔ کچھ اسیران کی درخواست پر کفالت کی یہ رقم مرکز میں ہی جمع کی جا رہی ہے یہ انکی امانت ہے جب بھی وہ تشریف لائیں گے یہ امانت انکے سپرد کر دی جائے گی۔ محترم ناظم اعلیٰ صاحب نے بتایا کہ جن اسیران کو سزائیں ہوئیں سب سے پہلے انہیں انکے اضلاع کی جیلوں میں منتقل کروایا گیا انکی مشقت ختم کروائی گئی۔ جیل مینول کے تحت ہر ممکن سہولت انہیں مہیا کروائی گئی۔ ہمارے اسیران نے جیلوں میں گوشہ درود اور درود و سلام کی محافل منعقد کیں۔ رہائی پر کوئی ایک چہرہ بھی ایسا نہیں تھا جس پر ملال ہو۔ تمام اسیران پر عزم تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کارکنان کی رہائی میں تاخیر کی وجہ ہمارے وکلاء نہیں تھے بلکہ لاہور ہائیکورٹ میں کیس کا نہ سنا جانا تھا۔ کبھی بنچ ٹوٹ جاتا تھا کبھی چھٹیاں آ جاتی تھیں پھر کورونا وائرس آ گیا اور تاخیر ہوتی چلی گئی جیسے ہی حالات بہتر ہوئے الحمدللہ ہماری بہترین قانونی ٹیم کی محنت اور حکمت عملی سے اسیران کو رہائی نصیب ہوئی۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ اسیران کی دو حصوں میں ضمانت کےلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا پہلے فیز میں قانونی ریلیف ملنے پر بقیہ تمام اسیران کی ضمانت کےلئے اپلائی کیا گیا۔

انہوں نے بتایاکہ ایک اسیر محمد سلطان کےلئے سخت قانونی چارہ جوئی کی گئی کیونکہ انہیں برین ٹیومر کا مرض لاحق تھا اور جیل مینول کے تحت انکا علاج صرف کراچی میں ممکن تھا۔ الحمدللہ انہیں کراچی علاج کےلئے بھجوایا گیا جہاں کراچی تنظیم نے مثالی برادرانہ اخوت کا اظہار کیا اور اپنی بہترین نگہداشت سے ثابت کیا کہ منہاج القرآن ایک فیملی کا نام ہے۔ اس موقع پر کراچی تنظیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب نے بتایا کہ جملہ اسیران کی اسیری کے پہلے دن سے لے کر رہائی کے دن تک مکمل ذمہ داری نبھائی گئی اور اب تک نبھائی جا رہی ہے۔ اسی طرح سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثا کی بھی اول روز سے کفالت اور نگہداشت کی جا رہی ہے۔ حضور شیخ الاسلام کے حکم پر ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو شہدا کے ورثا کے گھروں میں مقرر شدہ رقم فراہم کی جا رہی ہے۔ شہدا کے ورثا کے بچے منہاج یونیورسٹی لاہور اور دیگر کالجز میں زیر تعلیم ہیں۔ تحریک غم اور خوشی میں اپنے عظیم شہدا اور انکے ورثا کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی ذاتی دلچسپی اور نگرانی میں پانچ شہدا کے ورثا کو مکمل گھر تعمیر کر کے دئیے جا چکے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ الحمدللہ شہدا کے ورثا تحریک اور قائد تحریک کے شفیق کردار اور برتاؤ پر مکمل مطمئن ہیں، کبھی انکے لبوں پر کسی نے حرف شکایت نہیں سنا۔

کچھ احباب جو شہدائے ماڈل ٹاؤن اور اسیران کےلئے مسلسل انجام دی جانیوالی خدمات سے ناواقف ہیں وہ نا سمجھی اور لا علمی میں ایسا تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ جیسے ورثا اور اسیران کی کوئی دیکھ بھال نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہاکہ ایسے تمام احباب سے گزارش ہے کہ وہ لا علمی کی وجہ سے حقائق کے برعکس اظہار خیال کرنے کی بجائے مرکز سے معلومات حاصل کر لیا کریں بغیر تحقیق کے بات کرنے سے کچھ کارکنان کی دل آزاری ہوتی ہے۔ وہ احباب جو دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ مخلص اور نیک نیت ہیں تو وہ مکمل حقائق جانے بغیر سوشل میڈیا پر بیان بازی کر کے گمراہی پھیلانے سے اجتناب کریں۔ محترم خرم نواز گنڈا پور صاحب نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور اسیران کی رہائی میں مثالی کردار ادا کرنے پر نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ اور پوری لیگل ٹیم کے کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔ محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب نے شرکائے اجلاس کو یہ بھی بتایا کہ حضور شیخ الاسلام نے رمضان المبارک میں ہر روز اسیران کےلئے دعائیں کیں اور اپنے عمل سے ثابت کیا کہ کارکن انکے بیٹے ہیں۔ محترم خرم نواز گنڈا پور صاحب نے بتایا کہ محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری ہمہ وقت شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا اور اسیران کے معاملات کی دیکھ بھال کر رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا چونکہ کچھ معاملات ایسے ہوتے ہیں جنکی تشہیر ضروری نہیں ہوتی ان معاملات کا تعلق انسان کے ضمیر اور کمٹمنٹ سے ہوتا ہے، الحمدللہ تحریک اور قائد تحریک اپنی کمٹمنٹ کو مثالی انداز میں نبھا رہے ہےں اور ایسی کوئی دوسری مثال کہیں اور موجود نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تمام فورمز بالخصوص ویمن لیگ بھی اسیران کی فیملیز سے ملتی رہی ہیں اور انکی دلجوئی کرتی رہی ہیں۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے حوالے سے انہوں نے بریفنگ دی کہ جے آئی ٹی کو کام کرنے کی اجازت دئیے جانے سے متعلق فل بنچ 9 ستمبر کو ہماری اپیل کی سماعت کرے گا۔ اس وقت حصول انصاف کی جدوجہد میں غیر جانبدار تفتیش کا مطالبہ سر فہرست ہے۔

اس موقع پر محترم انجینئر رفیق نجم صاحب نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن نے بتایا کہ رہائی کے بعد اسیران کے اہل خانہ کا مورال بھی دیدنی تھا۔ انہوں نے ایک اسیر کی والدہ کے جذبات شیئر کرتے ہوئے ہاؤس کو بتایا کہ اس نوجوان اسیر کی والدہ نے بیٹے کی رہائی پر ہ میں مخاطب کرتے ہوئے کہا’’ طاہر القادری سدا جیندا تے وسدا رہوے، میرے بیٹے منہاج القرآن واسطے نے بے شک ہن ای نال لے جاؤ‘‘

شرکائے اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ جیل حکام کہتے تھے کہ کسی قیدی کے خونی رشتے دار اس طرح رابطے میں رہتے نہیں دیکھے جیسے انکے کارکن ساتھی اسیران کے رابطے میں رہے۔

ایجنڈہ نمبر 3: تعمیرات انفراسٹرکچر

محترم ناظم اعلیٰ صاحب نے شرکاء کو بتایا کہ جامع مسجد منہاج القرآن کی کثیر سرمائے سے تعمیر آخری مرحلے میں ہے تمام اخراجات سپانسرز کر رہے ہیں، مختلف انتظامی شعبہ جات کی تزئین و آرائش کی گئی کچھ شعبہ جات کی عمارات از سر نو تعمیر کی گئیں جن میں منہاج ٹی وی، منہاج ویمن لیگ کا نیا سیکرٹریٹ اور ہاسٹل، ایم آئی بی، آئی ٹی، تربیت، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ آفس کے نئے دفتر کا قیام، سوشل میڈیا، نئے سیل سنٹر کا قیام اور گیسٹ ہاؤس کی اپ گریڈیشن، کی بلڈنگ اور لائبریری، ای لرننگ، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی لائبریری، آغوش گرائمر سکول میں فلٹریشن پلانٹ، منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں فلٹریشن پلانٹ، بیت الزہراہ میں فلٹریشن پلانٹ، مرکزی سیکرٹریٹ میں اے ٹی ایم مشین کی تنصیب، شہدائے انقلاب کی یادگار کی تعمیر، منہاج کالج فار ویمن میں گوشہ درود کا قیام، ہاسٹل اور رومز کی اپ گریڈیشن کے علاوہ شہر اعتکاف میں مستقل وضو خانوں اور طہارت خانوں کی تعمیر شامل ہے۔ محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب نے ہاؤس کو بتایا کہ انفراسٹرکچر کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ آئندہ ماہ ہونیوالے شوریٰ کے اجلاس میں دی جائیگی۔

ایجنڈہ نمبر 4 :کووڈ 19 وبا کے دوران فلاحی سرگرمیاں

محترم ناظم اعلیٰ صاحب نے کووڈ19 وبا کے دوران تحریک منہاج القرآن، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور ملک بھر کی تنظیمات کی طرف سے اپنی مدد آپ کے تحت کروڑوں روپے کے راشن بیگ تقسیم کرنے پر ہاؤس کو اعتماد میں لیا جس پر ہاؤس نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ محترم خرم نواز گنڈا پور صاحب نے مزید بتایا کہ ذیلی تعلیمی اداروں نے بھی پکا پکایا کھانا تقسیم کر کے فلاحی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لیا جن میں منہاج یونیورسٹی لاہور، آغوش آرفن کیئر ہوم، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز بطور خاص شامل ہیں۔ سید امجد علی شاہ نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ;8575; کے تعاون سے ہزاروں خاندانوں کو راشن فراہم کیا گیا۔ مختصر وقت اور محدود افرادی قوت کے ساتھ شفاف اندا ز میں مستحقین کی مدد کی گئی۔ پورے ہاؤس نے فلاحی سرگرمیوں میں شاندار کردار ادا کرنے پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو مبارکباد دی۔

ایجنڈہ نمبر 5 : تنظیمات، شعبہ جات کا مجوزہ بجٹ و تقابلی جائزہ

ڈائریکٹر فنانس محترم عبد الرحمان صاحب نے شعبہ جات و تنظیمات کے مجوزہ بجٹ اور تقابلی جائزہ پر بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ رفاقت، سیل سنٹر، پرنٹنگ پریس، ای لرننگ اور مخیر حضرات انکم کا ذریعہ ہیں۔ مجلات سیلف فنانس کے تحت چل رہے ہیں، تنظیمات کے اخراجات رفاقتوں سے پورے ہوتے ہیں جہاں خسارہ ہوتا ہے بیان کئے گئے آمدن کے ذراءع سے گرانٹ کی شکل میں پورا کیا جاتا ہے۔ مخیر حضرات سے انفراسٹرکچر کی تعمیر میں تعاون لیا جاتا ہے ; سیلف فنانس کے تحت فنکشن کرتی ہے۔ اس موقع پر محترم ناظم اعلیٰ صاحب نے بتایا کہ فنانشیل مینجمنٹ اور بچت مہم کے ذریعے تحریک کے سالانہ میگا ایونٹس کے خسارے کو مائنس کر دیا گیا ہے۔ الحمدللہ اب شہر اعتکاف اور عالمی میلاد کانفرنس کے اخراجات کےلئے کسی قسم کے خسارے کا سامنا نہیں ہے۔ مخیر حضرات سے مل کر یہ میگا ایونٹ پایہ تکمیل کو پہنچائے جا رہے ہیں۔

ایجنڈہ نمبر 6 : مرکزی سیکرٹریٹ کو ایس او پیز کے ساتھ دوبارہ کھولنا

محترم ناظم اعلیٰ صاحب نے ہاؤس کی رائے لی کہ کیا عید کے بعد مرکزی سیکرٹریٹ کو مکمل طور پر کھول دیا جائے;238; اس پر اجلاس کے جملہ شرکاء نے ہاتھ کھڑے کر کے اس تجویز کی تائید کی۔

متفرق امور

محترم ناظم اعلیٰ صاحب نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران بلا تعطل تربیتی، دعوتی، تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے پر منہاج ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، نظامت دعوت و تربیت اور جملہ تعلیمی اداروں کے ذمہ داران کو مبارکباد دی انہوں نے اس ضمن میں بہترین کردار ادا کرنے پر شعبہ آئی ٹی، منہاج انٹرنیٹ بیورو، منہاج ٹی وی، پروڈکشن، سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ آف امور خارجہ، مرکزی میڈیا سیل کو مبارکباد دی۔

محترم خرم نواز گنڈا پور صاحب نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یو کے کے تعاون سے فنڈ ریزنگ کی کامیاب مہم آرگنائز کرنے اور منہاج ٹی وی کے تعاون سے آن لائن پروگرام میں ملک کی مایہ ناز شخصیات محترم عثمان پیر زادہ، وصی شاہ، ابرار الحق اورقومی کرکٹ ہیرو عامر سہیل، محمد عباس کو مدعو کرنے پر شہزاد رسول، شاہد لطیف، حاجی محمد اسحاق اور عبدالحیظ چوہدری کو مبارکباد دی تحریک کے میگا ایونٹ میں مخیر حضرات کے تعاون کے حصول میں بہترین کردار کی ادائیگی پر حفیظ الرحمن کو بھی مبارکباد دی گئی۔

ایک قرارداد کے ذریعے حضور شیخ الاسلام کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ کورونا وائرس کی وباء کے نتیجے میں معاشی مسائل کے باوجود کسی قسم کی ڈاؤن سائزنگ کی گئی اور نہ ہی اعزازیہ جات میں کٹوتی کی گئی اس ضمن میں حضور شیخ الاسلام کی ہدایات کی روشنی میں انتہائی ہمدردارنہ اور شفیقانہ کردار ادا کرنے پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ یہ قرارداد محترم رانا محمد ادریس نے پیش کی۔

کورونا وائرس کی وباء کے دوران احتیاطی تدابیر پر مشتمل لیکچرز دینے، روحانی تربیت کےلئے رمضان المبارک کے دوران دروس بخاری شریف دینے اورعقائد کی اصلاح کےلئے شان سیدہ کائنات پرتاریخی خطابات کرنے اور وقت کے بہترین مصرف کو یقینی بنانے پر حضور شیخ الاسلام کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان خطابات اور لیکچرز کو امت کی رہنمائی اور اصلاح کا ایک بڑا ذریعہ قرار دیا گیا۔ یہ قرارداد محترم مظہر محمود علوی کی تجویز پر پیش کی گئی۔

ایک قرارداد محترم عرفان یوسف صاحب کی تجویز پر ہاؤس میں پیش کی گئی جسکی متفقہ منظوری دی گئی۔ قرارداد میں حضور شیخ الاسلام، محترم چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو کورونا وائرس کی وبا کے دوران کارکنان کے ساتھ براہ راست ٹیلی فونک رابطہ رکھنے اور انکے دکھ سکھ میں شریک ہونے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ محترم خرم نواز گنڈا پور صاحب نے ریمارکس دئیے کہ حضور شیخ الاسلام نے عملاً ثابت کیا کہ کارکن انکے بیٹے اور بیٹیاں ہیں۔ انہوں نے وفات پاجانیوالوں کے ورثا سے اظہار تعزیت بھی کیا اور بیمار کارکنان و ذمہ داران کے حوالے سے جس کی بھی ان تک خبر پہنچی انہوں نے بلا تاخیر ٹیلیفون کیا، خیریت دریافت کی اور صحت و تندرستی کےلئے دعا فرمائی۔

اجلاس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا اور محترم علامہ رانا محمد ادریس صاحب نے دعا کروائی۔

تبصرہ

Top