پیر شاہ عبدالحق آف گولڑہ شریف کی رحلت پر منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کی تعزیت

مورخہ: 06 اگست 2020ء

معروف علمی و ادبی اور روحانی شخصیت حضرت پیر شاہ عبدالحق المعروف لالہ جی کی رحلت پر ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں وفد نے گولڑہ شریف اسلام آباد میں انکے صاحبزادگان پیر سید معین الحق اور پیر سید قطب الحق سے تعزیت کی۔ وفد نے دونوں صاحبزادگان کو قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔

وفد میں علامہ رانا محمد ادریس، سید الطاف حسین گیلانی اور دیگر قائدین بھی شامل تھے۔ وفد نے دونوں صاحبزادگان سے حضرت پیرشاہ عبد الحق المعروف لالہ جی کی رحلت پر تعزیت کی جبکہ اجتماعی طور پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور نے پیر سید معین الحق اور پیر سید قطب الحق سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت پیرشاہ عبد الحق المعروف لالہ جی عالم اسلام کا علمی و ادبی سرمایہ اور روحانی فیض کے امین تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیر صاحب کی رحلت سے عالم اسلام ایک جید و باعمل عالم دین اور مرد قلندر سے محروم ہو گیا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا پیر صاحب کی رحلت پر لواحقین اور انکے عقیدت مندوں کے غم میں برابر شریک ہیں۔

دریں اثناء منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کے وفد نے گولڑہ شریف پیر مہر علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ، پیر سید نصیر الدین نصیر رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت پیر شاہ عبد الحق المعروف لالہ جی کے مزارات پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد میں اسلام آباد تنظیم کے سینئر رہنما میر اشتیاق احمد ایڈووکیٹ، محمد حفیظ اعوان، ابرار رضا ایڈووکیٹ، راجہ منیر اعجاز، حمزہ بٹ، ضیاء رسول بٹ، افتخار گجر، راجہ اسد اللہ، جاوید ججہ، علامہ قاری احسان قادر شامل تھے۔ اس موقع پر تمام رہنماؤں نے مزارات پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

تبصرہ

Top