افتتاحی تقریب عالمی فن قرات کورس

مورخہ: 10 اگست 2020ء

Fann e Qirat Course Minhaj ul Quran

لاہور (11 اگست 2020) تحریک منہاج القرآن نظامت تربیت کے زیراہتمام بین الاقوامی فن قرأت کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ قرآن حکیم پوری انسانیت کا منشور ہے۔ یہ کتاب حکمت و دانائی اور علم و ادب کا خزانہ ہے۔ جب ہم قرآن سے جڑ جاتے ہیں تو دین و دنیا کی فلاح پا جاتے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن شعبہ کورسز (نظامت تربیت) کے زیراہتمام 20 روزہ آن لائن بین الاقوامی قرأت کورس کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم کو اسکے درست تلفظ، معانی اور ترجمہ کے ساتھ پڑھنا، سمجھنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ تجوید و قرأت ایک علم اور فن ہے۔ قرآن مجید کو پوری صحت اور مخارج کے ساتھ پڑھنے کے حوالے سے یہ فنون مددگار اور ناگزیر ہیں۔ قرآن حکیم کی تلاوت علم، تقویٰ اور پاکیزگی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ قرآن کو سیکھنا، سکھانا دونوں عبادت ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے شعبہ کورسز نظامت تربیت نے 20 روزہ آن لائن قرأت کورس شروع کر کے ایک قابل تقلید اور قابل تحسین اقدام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ قرأۃ کورس میں یورپ، برطانیہ، امریکہ، افریقہ، کینیڈا سمیت جنوبی ایشیاء کے ممالک سے ایک ہزار افراد نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ مزید سینکڑوں لوگ رجسٹریشن چاہتے تھے لیکن تکنیکی رکاوٹوں کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کورس کی افتتاحی تقریب میں شریک خرم نواز گنڈاپور، پروفیسر محمد سلیم چوہدری، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، انجینئر محمد رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، حافظ سعید رضا بغدادی، محمود مسعود، قاری اللہ بخش اور تمام منتظمین کو کامیاب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

افتتاحی تقریب سے خرم نواز گنڈاپور، پروفیسر محمد سلیم چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری اللہ بخش نقشبندی نے حاصل کی، بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خوان ظہیر احمد بلالی نے ہدیہ تبریک پیش کیا۔ نظامت کے فرائض محمود مسعود نے انجام دیئے۔

ڈائریکٹر کورسز حافظ سعید رضا بغدادی نے کورس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 20 روزہ آن لائن قرآت کورس میں انتہائی مختصر مدت میں طلبہ کو قرآن ریڈنگ اور قرآن فہمی کے ضمن میں علمی اور فنی رموز سے آگاہ کیا جائے گا۔ شرکائے کورس کو ایران، مصر اور پاکستان کے عظیم المرتبت قراء حضرات شرکائے کورس کو لیکچر دینگے۔

تبصرہ

Top