پاکستان اللہ رب العزت کی ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 14 اگست 2020ء

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے سینئر رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ رب العزت کی ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ آزادی کی یہ عظیم نعمت عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے۔ پاکستان جس مقصد کیلئے حاصل کیا گیا وہ آئین پاکستان کے دیباچہ میں درج ہے۔ آئین کی ہر شق پر عملدرآمد سے پاکستان مضبوط ہو گا اور محروم اور غریب عوام کے ہر دکھ کا مداوا بھی آئین پر عملدرآمد میں ہے۔ آئین پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کرنے سے ریاست مدینہ کی تشکیل کا خواب بھی پورا ہو جائے گا۔ اقتدار کی امانت آئین پاکستان کی روح ایک مقدس امانت ہے، لوگوں کو ایسا ماحول مہیا کیا جائے جس میں وہ برابری کی بنیاد پر تعلیم اور روزگار حاصل کر سکیں اور انفرادی اور اجتماعی سطح پر ایک مثالی انسان اور مسلمان کی حیثیت سے زندگی بسر کر سکیں۔ آئین نے ہر شہری کے جان ومال اور عزت و آبرو کے تحفظ کی ضمانت دی ہے۔ آئین پر عملدرآمد سے قائد اعظم کے تصور پاکستان کو تعبیر کا رنگ ملے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، علامہ رانا محمد ادریس، عارف چوہدری، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، محمد فاروق رانا، محمد ثناء اللہ شریک تھے۔

تبصرہ

Top