چیئرمین سپریم کونسل کی زیرصدارت اجلاس، وژن 2025 کے اہداف اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غوروخوض

لاہور (یکم اکتوبر 2020) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں وژن 2025 کے اہداف کے جائزہ کیلئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی زیرصدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ڈیجیٹل میڈیا ورلڈ کا ایک متحرک رکن بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا نے دنیا کو عملاً ایک گاؤں کی شکل دے دی ہے۔ اب اس گلوبل ویلج کا ہر فرد سہولت کے ساتھ ایک دوسرے سے بات کر سکتا ہے۔ سوشل میڈیا کے تمام ٹولز تحریکی، تنظیمی، دعوتی، تربیتی سرگرمیوں کے فروغ، نفرتوں کے خاتمے، اتحاد امت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے ضمن میں ایک مؤثر ذریعہ اظہار کا درجہ حاصل کر چکے ہیں۔ عہدیدار، ذمہ داران اس جدید میڈیا کے استعمال کی تربیت بھی لیں اور اس میں مہارت بھی حاصل کریں۔

اجلاس میں خرم نواز گنڈاپور، انجینئر محمد رفیق نجم، سردار شاکر مزاری، علامہ رانا محمد ادریس، نور اللہ صدیقی، چودھری عرفان یوسف، منصور قاسم اعوان، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، ام حبیبہ اسماعیل، انیلا ڈوگر شریک تھیں۔

چیئرمین سپریم کونسل کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں وژن 2025 کے اہداف تنظیمی، تحریکی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔

چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے کووڈ 19 کی وباء کے دوران ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا کا دعوتی، تربیتی مقاصد کیلئے جتنا مؤثر اور بھرپور استعمال کیا اس کی کوئی دوسری مثال کسی دوسری آرگنائزیشن سے نہیں ملتی، اس ضمن میں منہاج القرآن ویمن لیگ بطور خاص مبارکباد کی مستحق ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے پہلا کامیاب آن لائن تربیتی سیشن منعقد کیا اور یہیں سے شروعات ہوئیں اور اسے تمام فورمز نے فالو کیا۔

کووڈ 19 کی وباء کے دوران منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز،منہاج ویمن کالج نے آن لائن تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھ کر ایک سنگ میل عبور کیا اور پرائیویٹ سیکٹر میں ایک نئی مثال قائم کی، اس پر یہ ادارے اور ان کی ایڈمنسٹریشن مبارک باد کی مستحق ہے۔

چیئرمین سپریم کونسل نے اجلاس کے دوران آن لائن دعوتی، تنظیمی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کیلئے مثالی، تکنیکی کردار ادا کرنے پر آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ، ایم آئی بی، منہاج ٹی وی، پروڈکشن، سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ اور میڈیا سیل کو مبارکباد دی۔

منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تنظیمی اجلاس میں تمام عہدیدار ماسک پہن کر شریک ہوئے اور ایس او پیز کو فالو کیا گیا، چئیرمین سپریم کونسل نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی اور ہدایت کی کہ تنظیمی، تحریکی سرگرمیوں کے دوران ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔

اجلاس میں ممبر شپ، رفاقت سازی مہم اور تربیتی ،تنظیمی امور اور نظم میں مزید بہتری لانے کیلئے غوروخوض کیا گیا۔ چیئرمین سپریم کونسل نے فورمز کی طرف سے شب بیداریوں کا اہتمام کرنے اور حلقہ درود کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے کی جانے والی مساعی کو سراہا اور مبارکباد دی۔

اجلاس کے دوران زونل ذمہ داران کو چیئرمین سپریم کونسل کے ساتھ زونز کی تنظیمات سے آن لائن میٹنگز کے انعقاد کا شیڈول مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس دعائے خیر پر اختتام پذیر ہوا۔

تبصرہ

Top