تحریک منہاج القرآن - ایک تعارف: علم، امن، تحقیق اور شعور و آگاہی کے 40 سال

Minhaj-ul-Quran International

قیام

تحریکِ منہاجُ القرآن کا باضابطہ قیام 17 اکتوبر 1980ء کو عمل میں آیا اور تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ کا سنگِ بنیاد اِس کے رُوحانی سرپرست حضور قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی البغدادی نے اپنے دستِ مبارک سے رکھا۔

مقاصد

تحریک منہاج القرآن کے مقاصد و اَہداف میں دعوت و تبلیغِ دین، اصلاح احوال امت، تجدید و احیاءِ دین، ترویج و اقامت اسلام، اُمت میں اِتحاد و یگانگت، بین المذاہب ہم آہنگی و رواداری، اِنتہا پسندی کا اِنسداد اور اَمن کا فروغ سرِ فہرست ہیں۔ اِس کے ساتھ ساتھ تحریک قومی و عالمی سطح پر علمی و فکری، اَخلاقی و رُوحانی، تعلیمی و شعوری اور سماجی و ثقافتی میادین میں اِصلاح کے لیے کوشاں ہے۔

اللہ رب العزت کے فضل و کرم اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلینِ پاک کے تصدق سے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرِ قیادت علم و عمل اور تعلیم و تربیت کے اِس مصطفوی مشن نے 4 دہائیوں کے مختصر عرصہ میں اِحیاءِ اِسلام، اِتحادِ اُمت، فلاحِ اِنسانیت، قیامِ اَمن اور فکری و روحانی تربیت کے لیے گراں قدر خدمات اَنجام دی ہیں جن سے لاکھوں اَفراد مستفید ہو رہے ہیں۔ منہاجُ القرآن کے پلیٹ فارم سے تعلیم و تربیت اور خدمتِ اِنسانیت کے لیے ایسے مثالی اِدارے قائم کیے گئے ہیں جو ہر عمر کے اَفراد کو راہ نمائی مہیاکر رہے ہیں۔ یہ عظیم ادارے اِن شاء اللہ آئندہ نسلوں کی دینی و دنیوی، اَخلاقی و رُوحانی تعلیم و تربیت اور فکری آب یاری کا اَہم فریضہ ادا کرتے رہیں گے۔

علوم القرآن کا فروغ

منہاجُ القرآن اِنٹرنیشنل (MQI) نے قرآن فہمی، رُجوع اِلی اللہ اور رُجوع اِلی القرآن کے لیے ماہانہ بنیادوں پر دروسِ عرفان القرآن کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔ اس کے تحت دنیا بھر میں سیکڑوں مقامات پر تحریکِ منہاجُ القرآن کے علماء اور اسکالرز دروسِ قرآن دیتے ہیں اور قرآن سے ٹوٹے ہوئے تعلق کی بحالی کا ساماں بہم پہنچاتے ہیں۔

عالمی میلاد کانفرنسز

منہاجُ القرآن اِنٹرنیشنل (MQI) نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ، متابعت و اِطاعتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، دِلوں میں عشقِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع روشن کرنے اور دینی و فکری اور اَخلاقی و رُوحانی تربیت کے لیے عالمی سطح پر میلاد کانفرنسز کا آغاز کیا۔ الحمد ﷲ! ہر سال عالمی میلاد کانفرنسز میں پوری دنیا بالخصوص عالمِ عرب سے ممتاز علمی اور رُوحانی شخصیات سمیت لاکھوں کی تعداد میں عُشاقانِ رسول جوق دَر جوق شریک ہوتے اور آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت پر اپنے جذباتِ مسرت کا اِظہار کرتے ہیں۔ منہاجُ القرآن کے پلیٹ فارم سے مینارِ پاکستان لاہور میں ہونے والی یہ شہرۂ آفاق عالمی میلاد کانفرنس فروغِ عشقِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ساتھ اِتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب رواداری کا اِستعارہ بن چکی ہے۔ اِس وقت تحریک کے پلیٹ فارم سے شرق تا غرب پوری دنیا میں میلاد کانفرنسز اور محافل کا جال بچھا ہوا ہے۔

گوشۂ درود کا قیام

رَبطِ رِسالت اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قلبی و حُبّی تعلق کی پختگی کے لیے تحریکِ منہاجُ القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر اپنی نوعیت کا منفرد پراجیکٹ گوشۂ درود و فکر بھی شروع کیا گیا ہے۔ یہاں گوشہ نشینان ہفتے کے 7 دن 24 گھنٹے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کے نذرانے پیش کرتے ہیں اور قرآن فہمی کے لیے تلاوتِ قرآن مجید کا شرف بھی پاتے ہیں۔ اِس وقت گوشہ درود و فکر کے تحت پوری دنیا میں حلقہ ہاے درود کا نیٹ ورک نہایت کام یابی سے چل رہا ہے۔

تعلیم و تربیت کے باوقار ادارے

تحریکِ منہاجُ القرآن کی تعلیمی و دعوتی سرگرمیوں کی اصل غایت نوجوان نسل کی علمی و فکری اِصلاح ہے۔ حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نوجوانوں کی تربیت کے لیے فقط پند و نصائح اور خطابات تک محدود نہیں رہے بلکہ انہوں نے منہاج یونی ورسٹی لاہور (MUL)، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (COSIS)، منہاج کالج فار ویمن (MCW) اور بامقصد اِبتدائی تعلیم کے لیے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی (MES) کے تحت ملک بھر میں سیکڑوں اسکولز اور کالجز قائم کیے۔

منہاج یونیورسٹی لاہور

منہاج یونیورسٹی لاہور (MUL) اپنے شاندار ڈگری پروگرامز، محنتی اور تجربہ کار تدریسی عملہ، معیاری تعلیم و تربیت اور صاف ستھرے ماحول کے باعث اِس وقت پرائیویٹ سیکٹر میں تیز ی سے ترقی کرنے والی یونی ورسٹی ہے۔ منہاج یونی ورسٹی ہر سال مستحق طلباء و طالبات کو کروڑوں روپے کا مالی ریلیف بھی مہیا کرتی ہے۔ منہاج یونی ورسٹی لاہور پرائیویٹ سیکٹر کی واحد یونی ورسٹی ہے جس میں اِنتہا پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لیے School of Peace اور Counter-Terrorism اور تصوف کے شعبہ جات قائم کیے گئے ہیں۔ یہ ڈگری پروگرامز نوجوانوں اور مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے پروفیشنلز میں بڑی تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز

منہاجُ القرآن کے زیرِ اِہتمام تعلیمی شعبہ میں منفرد خدمات انجام دینے والا دوسرا بڑا تعلیمی ادارہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز اور جامعہ اسلامیہ منہاجُ القرآن ہے۔ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کا لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، منہاج یونی ورسٹی لاہور اور عالم اِسلام کی ممتاز یونی ورسٹی جامعہ الازہر مصر سے اِلحاق ہے۔ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں علومِ شریعہ کے ساتھ ساتھ جدید عصری علوم بھی پڑھائے جاتے ہیں۔ یہاں کا فارغ التحصیل بہ یک وقت دینی اسکالر بھی ہوتا ہے اور کامرس، آئی ٹی اور اسلامی معاشیات کا ماہر بھی ہوتا ہے۔ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے فارغ التحصیل اسکالرز اس وقت پاکستان سمیت دنیا کے 90 ممالک میں بطور پروفیشنل مختلف اداروں میں کلیدی عہدوں پر شاندار ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ منہاج المدارس کے عنوان سے ایک تعلیمی بورڈ قائم کیا گیا ہے جس کے ساتھ اِلحاق کے ذریعے دیگر مدارس بھی اپنے ہاں جامعہ اِسلامیہ منہاج القرآن کے نصاب اور تعلیمی نظام کا اِجراء کرتے ہیں۔

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اِہتمام کام کرنے والے سیکڑوں سکولوں میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جنہیں 15 ہزار سے زائد اَعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ زیورِ علم سے آراستہ کر رہے ہیں۔

عالمگیر تعلیمی، دعوتی انفراسٹرکچر

منہاجُ القرآن اِنٹرنیشنل (MQI) نے بیرونِ پاکستان پوری دنیا میں اِسلامی مراکز، کمیونٹی سینٹرز اور تعلیمی اِدارہ جات قائم کیے ہیں جو مقامی آبادی کو علم و حکمت کے نور سے منوّر کرتے ہوئے ان کی فکری اور اَخلاقی و رُوحانی اِصلاح کا فریضہ بخوبی نبھا رہے ہیں۔ صرف برطانیہ میں ہی منہاج کالج مانچسٹر (MCM) کے علاوہ متعدد شہروں میں تعلیمی و اِسلامی مراکز قائم کیے گئے ہیں اور یہ سلسلہ جاپان اور آسٹریلیا سے لے کر یورپ کے بیشتر ممالک سمیت امریکہ تک پھیلا ہوا ہے۔

جدید لائبریریز کا قیام

منہاجُ القرآن کے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کے تحقیق و مطالعہ کے لیے بین الاقوامی معیار کی لائبریریاں قائم کی گئی ہیں اور عبادت و ریاضت کے لیے اِسلامی فنِ تعمیر کی شاہ کار خوبصورت مساجد تعمیر کی گئی ہیں۔ اِن مساجد کی تزئین و آرائش دیکھ کر قرونِ اُولیٰ کی یادیں تازہ ہو جاتی ہیں۔ تحریکِ منہاجُ القرآن خدمتِ دین اور خدمتِ اِنسانیت کے ساتھ ساتھ شرحِ خواندگی میں اِضافہ اور روزگار کی فراہمی کا ایک ذریعہ بھی ہے۔

تصنیف و تالیف

فطرتِ فیاض نے تحریکِ منہاجُ القرآن کے بانی و سرپرستِ اَعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو زبان و بیان پر ملکہ عطا کرنے کے ساتھ ساتھ تصنیف و تالیف کی توفیق اور نعمت سے بھی بخوبی نوازا ہے۔ انہوں نے سیکڑوں موضوعات پر 1 ہزار سے زائد کتب تصنیف کی ہیں جن میں سے 600 کتب اُردو، عربی اور انگریزی زبان میں شائع ہو چکی ہیں۔ علاوہ ازیں قدیم اور جدید ہر طرح کے سیکڑوں موضوعات پر حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے 7,000 سے زائد خطابات اور لیکچرز و دُروس دیے ہیں۔ اِس طرح پوری دنیا میں لاکھوں کروڑوں اَفراد اِن تصنیفات و تالیفات اور خطابات سے مستفید ہو کر اپنی ہدایات کا ساماں کر رہے ہیں۔

خدمت خلق

تحریکِ منہاجُ القرآن نے ہمیشہ اپنی اِصلاحی اور فلاحی سرگرمیوں میں پوری اِنسانیت کو پیشِ نظر رکھا ہے۔ مذہب، رنگ و نسل اور جغرافیائی حدود سے بالا تر ہو کر اِنسانیت کی خدمت کی ہے۔ منہاجُ القرآن نے خدمتِ خلق کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن (MWF) قائم کی۔ MWF مشکل کی ہر گھڑی میں دکھی اِنسانیت کی خدمت اور مدد کے لیے پیش پیش رہتی ہے۔ زلزلے ہوں یا سیلاب، قحط ہوں یا Covid-19 جیسی وبائیں، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اِنسانی ہم دردی کے تحت اپنا ملی اور اِنسانی کردار ادا کرتی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے اندر اور باہر فروغِ علم اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبہ جات پر کام کررہی ہے۔ اِس کے علاوہ فلسطین، شام، لبنان، بنگلہ دیش اور افریقی ممالک میں متأثرہ عوام کو خوراک اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن آرفن کیئر ہومز ’آغوش‘ بھی چلا رہی ہے جہاں بے سہارا یتیم بچوں کی کفالت سمیت انہیں عصری معیاری تعلیم و تربیت دے کر معاشرے کا کارآمد فرد بنایا جاتا ہے۔ آرفن کیئر ہومز کا دائرہ پاکستان کے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک تک بڑھایا گیا ہے۔

انسداد دہشتگردی اور فروغ امن کیلئے جدوجہد

تحریکِ منہاجُ القرآن نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر قیامِ اَمن کے لیے فکری، تحریری اور تقریری ہر میدان میں فقید المثال خدمات انجام دی ہیں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی تصنیفات و تالیفات اور خطابات کے ذریعے دنیا کو باور کروایا ہے کہ اِسلام اِنتہا پسندی کا نہیں بلکہ اَمن و محبت، اِعتدال و میانہ روی اور ہم آہنگی و رواداری کا دین ہے۔ خدمتِ اِنسانیت کے اِس باب میں 6 سو صفحات پر مشتمل اِنسدادِ دہشت گردی کا فتویٰ ایک ایسی علمی و فکری کاوش ہے جسے اپنوں اور پرایوں سبھی نے بے حد سراہا ہے۔ تحریکِ منہاجُ القرآن کے پلیٹ فارم سے 40 سے زائد کتب پر مشتمل فروغِ اَمن اور اِنسدادِ دہشت گردی کا اِسلامی نصاب مرتب کیا گیا ہے جس کا برملا اِعتراف عالمِ اِسلام کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم OIC کی طرف سے بھی کیا گیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فروغِ اَمن کی کاوشوں کے نتیجے میں مغربی دنیا نے اِسلام کے اَمن بیانیہ کو پذیرائی دی اور امریکہ میں شیخ الاسلام کے اَمن بیانیے کو نصاب میں شامل کیاگیا ہے۔ یہ کسی ایک فرد یا ادارے کی نہیں بلکہ پورے عالم اِسلام کی سعادت و کامرانی ہے۔ تحریکِ منہاجُ القرآن کو اَقوامِ متحدہ (UN) میں خصوصی مشاورتی درجہ بھی حاصل ہے۔

نوجوانوں کی کردار سازی

تحریکِ منہاجُ القرآن نے نوجوانوں اور طلبہ و طالبات کی کردار سازی اور تعلیم و تربیت کے لیے لاتعداد پروگرامز مرتب کیے جو کامیابی کے ساتھ جاری و ساری ہیں۔ منہاجُ القرآن کا شہرِ اِعتکاف رُوحانی اور اَخلاقی تربیت کی ایک عظیم درس گاہ کا درجہ حاصل کر چکا ہے جہاں ہر سال اندرون و بیرونِ پاکستان سے ہزاروں تشنگانِ علم و عرفان شریک ہوتے ہیں اور تزکیۂ نفس، تصفیۂ قلب اور اِصلاحِ اَحوال کی منازل طے کرتے ہیں۔ منہاجُ القرآن کے شہرِ اِعتکاف میں بچے، جوان، بوڑھے، خواتین سبھی اپنی باطنی دنیا کو بدلنے اور رب کو راضی کرنے کی غرض سے 10 دن کے لیے معتکف ہوتے ہیں۔

آن لائن تعلیمی پروگرام

تعلیم و تربیت کا ایک ذریعہ ای لرننگ پراجیکٹ چل رہا ہے، جس کے تحت اِس وقت دنیا کے 40 ممالک میں مقیم مسلم خاندانوں کے بچے اور بچیاں قرآن مجید سیکھنے سمیت مختلف اِسلامی کورسز سے آن لائن اِستفادہ کررہے ہیں۔ یہ شعبہ وہاں بھی نسلِ نو کو نورِ قرآن سے منوّر کر رہا ہے جہاں قرآن معلمین دست یاب نہیں ہیں۔

تحریکِ منہاجُ القرآن کو یہ اِعزاز بھی حاصل ہے کہ 1994ء میں اپنی ویب سائٹ minhaj.org کا آغاز کیا کہ جس وقت پاکستان میں نہ حکومت اور نہ ہی کسی تعلیمی یا صحافتی ادارے یا بینک کی کوئی ویب سائٹ ہوتی تھی۔ قرآن مجید کا اُردو ترجمہ ’عرفان القرآن‘ یونی کوڈ میں تلاش کرنے کی سہولت کے ساتھ جاری کرنے میں بھی اِسے اَوّلیت حاصل ہے۔

ویمن ایمپاورمنٹ

تحریکِ منہاجُ القرآن ایسی عالم گیر مذہبی اور اِصلاحی تحریک ہے جس نے دنیا بھر میں اِسلامی مراکز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ حقیقی معنوں میں women empowerment کے لیے سنجیدہ عملی اِقدامات کیے ہیں۔ منہاجُ القرآن ویمن لیگ (MWL) کے زیرِ اِہتمام اِس وقت الہدایہ (al-Hidayah)، ایگرز (Eagers) اور وائس (Woice) جیسے پراجیکٹس کے تحت لاکھوں خواتین کو تعلیم و تربیت مہیا کی جا رہی ہے۔ اِسی طرح نوجوانوں اور طلبہ کی تعلیم و تربیت اور انہیں فکری بے راہ روی سے بچانے کے لیے منہاج یوتھ لیگ (MYL) اور مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) اپنا شاندار کردار ادا کر رہی ہے۔

بین المسالک رواداری

منہاجُ القرآن علماء کونسل (MUC) بھی تحریک کا مؤثر فورم ہے جو نہایت حکیمانہ انداز میں صاحبانِ منبر و محراب کی عصرِ حاضر کی مقتضیات کے مطابق علمی و فکری راہ نمائی کرتا ہے۔ تحریک سے منسلک ہزاروں علماء پوری دنیا میں وارثینِ اَنبیاء کا کردار ادا کرتے ہوئے مسلکی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو فروغ دے رہے ہیں۔ اِنتہا پسندی اور فرقہ پرستی کے اِنسداد کے لیے ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ تحریکِ منہاجُ القرآن اور اِس کے قائد کو سلامت رکھے اور علم و اِصلاح کے نور کی یہ شمعیں تاقیامت روشنی پھیلاتی رہیں۔

تبصرہ

Top