سجادہ نشین آستانہ عالیہ خانو ہارنی شریف، صاحبزادہ پیر زین العابدین کاظمی زنجانی کی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ملاقات

Pir Zain ul Abideen calls on Dr Hassan Qadri

معروف روحانی شخصیت سجادہ نشین آستانہ عالیہ خانو ہارنی شریف، صاحبزادہ پیر زین العابدین کاظمی زنجانی چشتی نظامی نے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں میں اتحاد امت، دین اسلام کے فروغ میں صوفیاء کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں راجہ زاہد محمود، صدر تحریک منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید، عارف چوہدری، منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران اصغر ساجد، اصغر بھٹی، ملک امجد اور اصغر چشتی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ صوفیاء کرام نے اسلام کی آفاقی تعلیمات کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ صوفیاء نے انسانیت کو امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشائخ عظام اور صوفیاء نے اپنی تعلیمات کے ذریعے لوگوں کو دین اسلام کے قریب کیا ہے۔ آج بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمات صوفیاء پر عمل کرتے ہوئے انتہاء پسندی کا خاتمہ کر کے امت میں اتحاد و اتفاق پیدا کیا جائے۔ علماء و مشائخ امت مسلمہ کو اتحاد، اتفاق اور یگانگت کا درس دیں۔ علمائے کرام اور مشائخ امت کے اتحاد کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن اسلام کے عالمگیر پیغام امن کو عام کر رہی ہے۔ فروغ علم، تجدید دین اور محبت انسانیت کے پرچم تلے امت کو جمع کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

صاحبزادہ پیر زین العابدین کاظمی زنجانی چشتی نظامی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیائے اسلام کا علمی اثاثہ ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے فروغ دین کیلئے علمی و تحقیقی کام قابل تحسین ہیں۔ بین المذاہب ہم آہنگی اور بین المسالک رواداری کیلئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جدوجہد قابل تقلید اور قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے پیغام امن کے فروغ کیلئے منہاج القرآن کی عالمی خدمات بلاشبہ قابل قدر اور قابل اعتراف ہیں۔

Pir Zain ul Abideen calls on Dr Hassan Qadri

Pir Zain ul Abideen calls on Dr Hassan Qadri

تبصرہ

Top