منہاج یونیورسٹی لاہور اور انٹرفیتھ ریلیشنز کے زیراہتمام کرسمس کی تقریب

منہاج یونیورسٹی لاہور میں انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام 19 دسمبر 2020ء کو کرسمس تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ڈاکٹر ہرمین روبوغ، ڈاکٹر فادرجیمز چنن، آرچ بشپ سیبسٹین فرانسس شاء، بشپ عرفان جمیل، ڈاکٹر مجید ایبل، ایم این اے مسز شنیلہ روتھ، ساجد کرسٹوفر، مسٹر ایلبرٹ ڈیوڈ، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا، شہزاداحمد خان و دیگر مسلم، مسیحی رہنماؤں، ڈینز، فکیلٹی ممبران نے کرسمس کا کیک کاٹا۔

Christmas ceremony held at the Minhaj University Lahore

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی برادری کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے۔ خدا کے بھیجے ہوئے تمام پیغمبروں نے انسانیت اور حقوق العباد کی تعلیم دی ہے۔ اگر حقوق العباد اور انسانیت نہیں ہوگی تو کوئی بھی مذہب لوگوں کے دلوں پر اثر نہیں کرسکے گا۔ امن، بھائی چارے، مساوات اور معاشی و معاشرتی عدل قائم کرنے میں مذاہب کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ دین اسلام نے رواداری اور محبت کا درس دیا ہے۔ ہمیں اپنی دینی تعلیمات پر صحیح معنوں میں عمل کرنا چاہیے، ضرورت اس امر کی ہے کہ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ اور حضرت عیسیٰ علیہ اسلام کی تعلیمات و پیغامات پر عمل کیا جائے، اس سے نفرتوں کا خاتمہ ہوگا اور دنیا میں امن قائم ہوگا۔ حضرت عیسی علیہ السلام کی تعلیمات انسانیت کی رہنمائی اور پر امن معاشرے کی تشکیل کیلئے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ریاست مدینہ کے اسلوب پر بین المذاہب مکالمہ کی ضرورت و اہمیت کی ہر فورم پر حمایت کی۔ دنیا کا امن بین المذاہب روادای کے فروغ میں ہے۔ دنیا کا کوئی مذہب انسانوں سے نفرت کرنا نہیں سکھاتا۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے مسیحی برادری کو اہم تہوار پر مبارکباد دی اور کہا کہ کرسمس کا تہوار امن و محبت کا پیغام دیتا ہے۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے کہا کہ اسلام ایک پُرامن دین ہے جو سلامتی، محبت اور اخوت کی بات کرتا ہے۔ انہوں نے تقریب میں شرکت پر مسیحی مذہب کے تمام رہنماؤں کو منہاج یونیورسٹی لاہور میں خوش آمدید کہا۔

سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل شہزاد خان نے کہا کہ منہاج القرآن بین المذاہب رواداری کو فروغ دینے کی عالم اسلام کی سب سے بڑی تحریک ہے۔

ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سکول آف مذہب و فلسفہ ڈاکٹر ہرمین روبوغ نے بھی مہمانوں کا بطور خاص شکریہ ادا کیا اور منہاج القرآن کی امن عالم کیلئے خدمات کو سراہا۔

ڈائریکٹر پیس سنٹر ڈاکٹر جیمز چنن نے کہا کہ کرسمس امن و محبت کا پیغام ہے اور ہمیں آج کے دن بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور آپس میں محبتیں بانٹنے کا عہد کرنا چاہیے۔ یسوع مسیح کی تعلیمات میں امن ملتا ہے، ہمیں دنیا میں امن کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ نفرتوں کا خاتمہ ہو سکے۔

آرچ ڈائیسیس کیتھولک چرچ لاہور کے آرچ بشپ سیبسٹین فرانسس شاء نے کہا کہ بائبل کا اصل پیغام امن، محبت اور بھائی چارہ ہے۔ کرسمس امن، محبت اور امید کا پیغام دیتا ہے۔ کرسمس کا تہوار ہمیں یہی سکھاتا ہے کہ ہم دوسروں کا احترام کریں۔ کرسمس محبت کا تہوار ہے اور یہ محبت سب کیلئے ہے۔ یسوع کی تعلیمات یہی ہیں کہ ایک دوسرے کا احترام کریں، ایک دوسرے کو قبول کریں تاکہ امن قائم ہو سکے۔

بشپ آف لاہور چرچ آف پاکستان رائٹ ریورنڈ بشپ عرفان جمیل نے کہا کہ اسلام اور مسیحیت کی تعلیمات امن اور بھائی چارہ پر مبنی ہیں۔ منافقت، افراتفری اور الزام تراشی سے بچنے کے لئے امن و محبت کے پیغام کو عام کرنا ہوگا۔

پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان کے ماڈریٹر یورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کرسمس کی شاندار تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، منہاج یونیورسٹی کی انتظامیہ، پروفیسرز، ڈینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ امن و محبت کی بات کی ہے اور بین المذاہب رواداری کے پیغام کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات سے رواداری اور امن و محبت کو فروغ ملتا ہے۔

تقریب میں ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے یونیورسٹی کے مسیحی ملازمین میں کرسمس کے تحائف تقسیم کیے۔ تقریب کے اختتام پر کورونا وبا کے خاتمے اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

Christmas ceremony held at the Minhaj University Lahore

Christmas ceremony held at the Minhaj University Lahore

تبصرہ

Top