رمضان المبارک تزکیہ اور ضبط نفس کا مہینہ ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

نماز پنجگانہ کی ادائیگی اور مستحقین کی مدد کے ذریعے اللہ کو راضی کیا جائے
امت اس ماہ مقدس کو اپنے لئے مہلت اور غنیمت سمجھے: قائد تحریک منہاج القرآن
روزہ اللہ اور بندے کے مابین مضبوط تعلق استوار کرنے کا ذریعہ ہے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت مسلمہ کو ماہِ مقدس کی آمد پر مبارکباد دی
کورونا وائرس کی وباء کے خاتمے کے لئے اللہ کے حضور دست بستہ دعا گو ہیں

لاہور (13 اپریل 2021) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے رمضان المبارک کے آغاز پر اسلامیان پاکستان اور پوری امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رمضان المبارک تزکیہ اور ضبط نفس کا مہینہ ہے۔ امت اس ماہ مقدس کو اپنے لئے مہلت اور غنیمت سمجھے۔ نماز پنجگانہ، نماز تراویح کی ادائیگی اور مستحقین کی مدد کے ذریعے اللہ کو راضی کیا جائے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ روزہ تزکیہ نفس واصلاح احوال کے حوالے سے ایک عظیم عبادت ہے۔ اللہ رب العزت کا کروڑ ہا شکر ہے کہ ہمیں اپنی زندگی میں پھر سے رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیاں نصیب ہوئی ہیں۔ روزہ اللہ اور بندے کے مابین مضبوط تعلق استوار کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان بابرکت لمحات کو غنیمت اور مہلت جانتے ہوئے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو راضی کیا جائے۔ راضی کرنے کا بہترین عمل یہ ہے کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے جن چیزوں سے روکا ہے ان سے رک جائیں اور جن اعمال کو اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے انہیں اپنی زندگی کا حصہ بنا لیا جائے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ کے حضور دست بستہ دعا گو ہیں کہ وہ ہمیں کورونا کی وباء سے نجات دے، بیماروں کو صحت یاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ بھوک، پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اپنی خواہشات پر قابو پانے کا نام ہے۔ ا س ماہ مقدس میں زیادہ سے زیادہ مستحقین کی مدد کریں اور عزیز و اقارب کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ ماہِ مقدس میں اللہ رب العزت اپنے بندوں کی دعاؤں اور التجاؤں کو شرف قبولیت بخشتا ہے لہٰذا ماہِ مقدس میں گناہوں کی معافی مانگیں اور اللہ کو راضی کریں۔

تبصرہ

Top