پاکپتن شریف: تحریک منہاج القرآن کی پریس کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی راہنما محمد لطیف مدنی اور تحریک منہاج القرآن پنجاب کے میڈیا کوآرڈینیٹر عتیق چوہدری نے تحریک منہاج القرآن تحصیل پاکپتن شریف کے مرکزی آفس میں ایک پُر ہجوم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری 23 دسمبر کو مینار پاکستان پر سیاست نہیں ریاست بچانے کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پاکستان کا موجودہ نظام سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور وڈیروں کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے۔ صرف دو فیصد طبقہ اسی نظام کے تحت عیاشی کررہا ہے جبکہ اٹھانوے فیصد غریب عوام ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام جمہوریت نہیں مجبوریت کا نظام ہے، ہم اس ظالمانہ نظام کو مسترد کرتے ہیں۔ 23 دسمبر کو مینار پاکستان پر 50 لاکھ افراد کا تاریخ ساز جلسہ یہ ثابت کر دے گا کہ پوری قوم اس نظام کو مسترد کرتی ہے۔ موجودہ حالات میں الیکشن سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ اس نظام میں رہتے ہوئے تبدیلی کا نعرہ قوم کو بیوقوف بنانے کے مترادف ہے۔ اس نظام کے تحت 100 الیکشن بھی ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتے۔ پاکستان کے مسائل کا حل صرف پُر امن انقلاب میں پوشیدہ ہے۔

اس موقع پر تحریک منہاج القرآن پاکپتن شریف کے ضلعی صدر الحاج رانا منظور علی، ضلعی ناظم مرزا راحیل بابر، ضلعی ناظم ویلفیئر میاں ثناء اللہ سکھیرا، تحصیل صدر شیخ محمد اشرف حیدری، تحصیل ناظم پاکپتن فخر سعید جٹ، نائب ناظم تحصیل پاکپتن محمد عقیل شہباز، تحصیل صدر نور پور ڈاکٹر رفیق احمد یاسر، سید ابو داؤد شاہ، جاوید عوامی، شاہد رفیق سسل، یٰسین تبسم اور صابر علی قادری سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

تبصرہ

Top