پشاور: سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ برائے رضاکاران

دور حاضر میں سوشل میڈیا، روایتی میڈیا کی نسبت خاصی مقبولیت پا چکا ہے، اور عوام الناس کی گہری دلچسپی کا باعث بھی نظر آتا ہے، سوشل میڈیا جہاں نوجوان نسل کی دلچسپی، معلومات عامہ اور دیگر اہم ملکی و غیر ملکی خبروں کا ذریعہ ہے، وہیں نوجوان نسل کے لیے منفی اثرات کا باعث بھی بن رہا ہے، جسے محض وعظ و نصیحت کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔ لہٰذا نہایت ضروری ہے کہ عوام الناس اور بالخصوص نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے مثبت استعمال بارے رہنمائی اور ہدایات دی جائیں تاکہ نوجوان نسل اس جدید ترین میڈیا ٹول سے استفادہ کرتے ہوئے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔

انہی مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے منہاج انٹرنیٹ بیورو نے پاکستان عوامی تحریک خیبر پختونخواہ کے تعاون سے 29 ستمبر 2013ء بروز اتوار گل بہار کالونی، پشاور میں رضاکاران کے لئے سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا، جس میں منہاج انٹرنیٹ بیورو سے دو رکنی ٹیم کے علاوہ پشاور اور گرد و نواح کے علاقوں سے 30 سے زائد افراد شریک ہوئے۔

اس کیمپ کے منتظم اعلیٰ خالد محمود درانی صدر پاکستان عوامی تحریک خیبر پختونخواہ تھے، جبکہ پاکستان عوامی تحریک پشاور کے صدر جمشید علی خان، تحریک منہاج القرآن پشاور ڈویژن کےسیکرٹری انفارمیشن عبدالخالق چشتی، تحریک منہاج القرآن پشاور ڈسٹرکٹ کے سیکرٹری انفارمیشن عطاء اللہ اور ایم ایس ایم پشاور کے سابق صدر شفقت نیازی نے بھی اس ٹریننگ کیمپ میں شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، جس کے بعد پاکستان عوامی تحریک پشاور کی نمائندگی کرتے ہوئے سیکرٹری انفارمیشن عبدالجلیل طاہر نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کیمپ کے اغراض و مقاصد مختصراً بیان کیے۔

ٹریننگ سیشن کو مختلف پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا:

  1. سوشل میڈیا کا عمومی تعارف اور روایتی میڈیا سے موازنہ
  2. فیس بک کی ضرورت و اہمیت اور بنیادی استعمال
  3. ٹوٹر (Twitter) کی ضرورت و اہمیت اور تفصیلی تعارف
  4. سوشل میڈیا پر مصطفوی مشن کی ترویج و اشاعت کے لئے تفصیلی رہنمائی
  5. رضا کاران کی تنظیم سازی اور سوشل میڈیا فورم کا تعارف

ٹریننگ سیشن کے پہلے حصے میں مرکزی سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راشد شہزاد نے سوشل میڈیا کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ جس کے دوران انہوں نے سوشل میڈیا کے مختلف استعمالات کے ساتھ ساتھ روایتی میڈیا سے سوشل میڈیا کا موازنہ بھی پیش کیا۔ عرب سپرنگ کے دوران سوشل میڈیا کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دور حاضر میں اس کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

دوسرے حصے میں منہاج انٹرنیٹ بیورو کے ممبر محمد یامین مصطفوی نے Facebook کے تعارف پر مبنی جامع پریزنٹیشن دی اور فیس بک کے عملی استعمال کا طریق کار بھی براہِ راست پریزنٹیشن کے ذریعے تفصیل سے بیان کیا۔

دوسرے حصے کے اختتام پر نماز ظہر اور کھانے کا وقفہ کیا گیا جس کے بعد ٹریننگ کیمپ کا دوبارہ آغاز ہوا۔

تیسرے حصے میں مرکزی سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راشد شہزاد نے Twitter کے تعارف پر مبنی جامع پریزنٹیشن دی اور ٹوٹر کے عملی استعمال کا طریق کار بھی براہِ راست تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے دیگر سوشل میڈیا ٹولز کے ساتھ ٹوٹر کا موازنہ پیش کرتے ہوئے اسے تیز ترین میڈیم قرار دیا۔

چوتھے حصے میں محمد یامین مصطفوی نے سوشل میڈیا گائیڈ پر مبنی جامع پریزنٹیشن دی اور رضاکاران کو بتایا کہ مصطفوی مشن کی ترویج و اشاعت کے لئے کن طرق سے سوشل میڈیا پر کام کو مزید بہتر طریقے سے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے رضاکاران کو بتایا کہ اچھا کارکن اپنے قائد کے کردار کا آئینہ دار ہوتا ہے، لہٰذا سوشل میڈیا پر کام کرنے کا انداز اور لوگوں سے گفتگو کرنے کا انداز بھی ویسا ہی ہونا چاہیے جس طرح ہمارے قائد کا ہے۔ انہوں سے سوشل میڈیا پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف منسوب کردہ بے سروپا الزامات اور مختلف طرز کے من گھڑت پروپیگنڈا کے حوالے سے رضاکاران کو بریفنگ بھی دی اور کسی بھی خبر کی سوشل میڈیا پر تشہیر سے قبل براہ راست ذرائع (آفیشل ویب سائٹس، آفیشل فیس بک، آفیشل ٹوٹر وغیرہ) سے اس کی تصدیق کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے رضاکاران کو غیر ضروری بحثوں سے بچنے کی بھی ہدایت کی۔

پانچویں حصے میں مرکزی سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راشد شہزاد نے کیمپ کے آرگنائزر عبدالجلیل طاہر کے تعاون سے سوشل میڈیا رضاکاران کی تنظیم سازی کا کام مکمل کیا، جس میں پشاور اور گردو نواح کے علاقوں سے آئے ہوئے ساتھیوں پر مبنی رضاکاران کی ٹیم تشکیل دی گئی۔

ٹریننگ سیشن کے دوران نوجوانوں کی دلچسپی قابل ستائش تھی، انہوں نے اپنی دلچسپی کا اظہار متعدد و مفید سوالات کی صورت میں کیا، جن کے جوابات پر مرکزی ٹیم کی جانب سے سیر حاصل گفتگو کی گئی اور جوابات پر شرکاء نے نہایت اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

آخر میں منہاج انٹرنیٹ بیورو کی طرف سے بنائےگئے سوشل میڈیا فورم کا تعارف پیش کیا گیا اور تمام رضاکاران کو اس فورم پر ممبر بننے کے حوالےسے رہنمائی فراہم کی گئی تاکہ تمام رضاکاران ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں اور ایک دوسرے سے معلومات کا تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ کسی بھی اہم مسئلہ بارے رہنمائی اور مزید بہتر طریقے سے کام کرنے کے لیے ضروری ہدایات سے بھی باخبر رہ سکیں۔

ٹریننگ سیشن کے اختتام پر راشد شہزاد نے پاکستان عوامی تحریک کے ممبران اور کیمپ میں شریک تمام رضا کاران کو سوشل میڈیا کیمپ کے انعقاد پر خصوصی مبارکباد دی۔

رپورٹ: عبدالجلیل طاہر، سیکرٹری انفارمیشن (پاکستان عوامی تحریک)

تبصرہ

Top