تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان کے زیراہتمام بیداری شعور ورکرز کنونشن

12 نومبر بروز ہفتہ کو شام 5 بجے تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان کے زیراہتمام بیداری شعور ورکرز کنونشن جناح ہال جی ٹی روڈ گوجر خان میں زیرصدارت پیر سید صدیق حسین شاہ (امیر تحریک منہاج القرآن گوجرخان) منعقد کیا گیا جس میں مرکزی سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، تحریک منہاج القرآن فرانس کے صدر چوہدری محمد نعیم، تحریک منہاج القرآن تھاتھی کے رہنما حاجی محمد حنیف اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر انار خان گوندل نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے حافظ محمد اسلام چشتی (مدرس عرفان القرآن کورس) نے کیا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اسامہ برادران نے پیش کی۔

تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان کے صدر ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی نے استقبالیہ پیش کیا اور آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تحصیل گوجرخان کی کارکردگی رپورٹ شرکاء کنونشن کے سامنے پیش کی۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ طلبہ ہر قوم کا عظیم سرمایہ ہوتے ہیں۔ اور کسی ملک کی ترقی میں طلبہ کا کردار سب سے اہم ہوتاہے۔ اسی سلسلے میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان نے طلبہ کی کسی قوم کیلئے اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنے کیلئے 19 نومبر کو کل پاکستان بیداری شعور طلبہ اجتماع کا اہتمام ناصر باغ لاہور میں کیا ہے جس میں تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج ویمن لیگ، پاکستان عوامی تحریک بھرپور طریقے سے شرکت کرے گی۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی موجودہ ایگزیکٹو باڈی کو بھی ہدایت کی کہ وہ اس اجتماع میں اپنی بھرپور حاضری کو یقینی بنائیں کیونکہ اس وقت لاہور میں دو بڑے سیاسی اجتماع ہوچکے ہیں، اس وجہ سے کسی بھی طرح کم لیول کا پروگرام کرنا تحریک منہاج القرآن کو زیب نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے ہمیشہ کامیاب مذہبی پروگرام کرائے ہیں اور 2004ء کے بعد پہلی دفعہ عوامی اجتماع کرنے جارہی ہے، جس کو ہر طرح سے کامیاب کرنا تحریکی ساتھیوں کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج القرآن یوتھ لیگ نے اپنی تیاریاں ہر طرح سے مکمل کر لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان کی کارکردگی قابل ستائش اور لائق صد تحسین ہے۔

مرکزی سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کے مطابق تحریک منہاج القرآن کے اس عظیم اجتماع میں 250 تحصیلوں سے منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج ویمن لیگ اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان و قائدین شرکت کریں گے، جبکہ پاکستان کے دیگر اضلاع سے بھی کافی تعداد میں کارکنان و عہدیداران شریک ہوں گے۔ جبکہ جمعہ کو تمام روزنامہ اور اخبارات میں اشتہارات دیئے جائیں گے، اس سلسلے میں میڈیا کی بھی مدد حاصل کی گئی ہے۔ گوجرخان میں ٹی وی چینل کے حوالے سے بھی شیخ زاہد فیاض نے ایگزیکٹو کمیٹی کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر کمپیئرنگ کے فرائض محمد شفیق مصطفوی (ناظم ویلفیئر) نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کے اختتام پر پیر سید صدیق حسین شاہ نے خصوصی دعا فرمائی۔ جس کے بعد شرکاء کنونشن کیلئے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

رپورٹ: عبدالستار نیازی (ناظم نشرواشاعت تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان)

تبصرہ

Top