مانکیالہ (گوجر خان) میں منہاج تحفیظ القرآن و اسلامک سنٹر (ایک جائزہ)

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پوری دنیا اور بالخصوص پاکستان میں جدید و قدیم علوم کے چراغ جلا کر جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے میں مصروف عمل ہے۔ دنیا بھر میں منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز، ماڈل اسکولز، کالجز اور چارٹرڈ یونیورسٹی قوم کے شعور کو بیدار کرنے کے لئے کام کررہے ہیں۔ تحصیل گوجر خان میں واقع منہاج تحفیظ القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

صدر منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن فرانس چوہدری محمد نعیم نے 2009ء میں ذاتی طور پر تین کنال اراضی پر منہاج تحفیظ القرآن اسلامک سنٹر کا عظیم الشان کمپلیکس کا تعمیراتی کام شروع کیا، جو اب تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے۔ اسلامک سنٹر کے بنیادی پروجیکٹس میں انگلش میڈیم سکول (طلبہ و طالبات، کمپیوٹر سنٹر، ووکیشنل انسٹیٹوٹ (برائے خواتین و طالبات)، ڈسپنسری و ایمبولینس سروس (اہل علاقہ کے لئے)، کتب و کیسٹ لائبریری (شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری)، خوبصورت مسجد اور کمپلیکس کا کانفرنس ہال بھی شامل ہیں۔

اسلامک سنٹر میں سکول کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز اپریل 2012 میں کر دیا جائے گا جس کے لیے طلبہ و طالبات کی داخلہ رجسٹریشن بھی شروع ہوچکی ہے۔ اسلامک سنٹر سے ملحقہ عمارت (جو کہ آئندہ سالوں میں مکمل طور پر گرلز کیمپس میں منتقل کردی جائے گی) میں شعبہ حفظ القرآن و ناظرہ القرآن میں 300 طلبہ وطالبات زیرتعلیم ہیں جن کو 5 محنتی اساتذہ (مردوخواتین ) تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں۔ منہاج تحفیظ القرآن لائبریری میں اس وقت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سینکڑوں کتب اور ان کے مختلف موضوعات پر سی ڈیز کا ایک عظیم ذخیرہ جمع کیا گیا ہے۔

اسلامک سنٹر میں علامہ پروفیسر محمد طاہر علوی (فاضل منہاج یونیورسٹی لاہور) کو بطور ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے، جو اسلامک سنٹر کی بنیادی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ہفتہ وار درس عرفان القرآن اور ماہانہ درس تصوف وحدیث بھی دے رہے ہیں، جس سے وہ لوگوں تک اسلام کا روحانی، علمی اور فکری پیغام بخوبی پہنچا رہے ہیں۔

ماہ دسمبر 2011ء کے آغاز پر چوہدری محمد نعیم اور علامہ پروفیسر محمد طاہر علوی کی زیرنگرانی طلبہ و طالبات نے فیصل مسجد اور راول جھیل اسلام آباد کا ایک روزہ تفریحی و تعلیمی وزٹ کیا۔ اس وزٹ میں بچوں نے تفریح کے علاوہ بہت سے معلومات حاصل کیں۔ واپسی پر اس تعلیمی وزٹ کے حوالے سے بچوں اور بچیوں کے درمیان مقابلہ مضمون نویسی ہوا، جس میں اول، دوم اور سوم آنے والے سٹوڈنٹس کو انعامات دئیے گئے۔

رپورٹ: قاری حافظ محمد ناصر محمود

تبصرہ

Top