منہاج القرآن ویمن لیگ دولتالہ حلقہ پی پی 4 کے زیراہتمام سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ دولتالہ حلقہ پی پی 4 کے زیراہتمام مورخہ 27 دسمبر بروز منگل صبح 10 بجے سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس (برائے خواتین) منہاج ہاؤس بھیررتیال میں منعقد ہوئی جس میں خصوصی خطاب مسز حسن اختر راجہ (صدر منہاج القرآن ویمن لیگ پی پی 4) نے کیا۔ پروگرام میں منہاج القرآن ویمن لیگ پی پی 4 کی عہدیداران کے علاوہ منہاج القرآن ویمن سکھو، جاتلی، پنجگراں کلاں، بھیر کلیال، بھنگالی شریف، بھنگالی کھینگر، ناٹہ گجر مل، بینس شریف اور دولتالہ سے کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔

تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد خصوصی خطاب کرتے ہوئے مسز حسن اختر راجہ نے کہا کہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا نہ صرف دین اسلام کی علمبر دار تھیں بلکہ عدل و انصاف، مساوات انسانی، حریت و آزادی اور صبرواستقامت کی علمبردار تھیں۔ انہوں نے ریاستی جبروتشدد اور آمرانہ ذہنیت کے خلاف جہاد کیا یہی وجہ ہے کہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا صرف ایک ذات یا شخصیت کا نام نہیں رہا بلکہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا حق کی نمائندہ، سچائی کا نشان، روشنی کا مینار، علم و حکمت کا نیر تاباں، عظمت و بلندی کی علامت اور برداشت کا نام ہے۔ اسی طرح یزید بھی ایک ذات کا نام نہیں رہا بلکہ قیامت تک ہونے والی ظلم و بربریت اور دہشت گردی کا نام یزید ہے، شرم و حیا کا جنازہ نکالنے والے کا نام یزید ہے، صحابہ کرم اور اہل بیت عظام کے قاتل کا نام یزید ہے حتیٰ کہ انسانیت کو تاخت و تاراج کرنے والے کا نام یزید ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا نے میدان کربلا سے شام تک صبرواستقامت کی وہ عظیم مثال قائم کی جس پر انسان کیا آسمانی مخلوق بھی رشک کرتی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنے گھروں اور معاشرے کو اسلامی و روحانی ماحول میں تبدیل کرنے کیلئے سیدہ زینب کے اسوہ کو اپنانا ہوگا تاکہ ہماری آنیوالی نسلیں پاکیزہ ماحول میں پرورش پا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہل بیت سے محبت اور صحابہ کے احترام کا درس دیا ہے۔

اس موقع پر ہاجرہ محمود ناظمہ ویمن لیگ نے بھی خطاب کیا۔ منہاج ماڈل سکول بھنگالی شریف کی بچیوں نے خوبصورت انداز میں ہدیہ درودوسلام پیش کیا۔ پروگرام کے آخر میں منہاج ماڈل سکول ناٹہ گجر مل کی پرنسپل اور ویمن لیگ کی ناظمہ دعوت فردوس امین نے رقت آمیز دعاکرائی۔

تبصرہ

Top