منہاج تحفیظ القرآن واسلامک سنٹر گوجرخان کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی سالگرہ کی تقریب

منہاج تحفیظ القرآن واسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم گوجر خان ضلع راولپنڈی کے زیراہتمام مورخہ 20 فروری 2012 کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 61 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت مرکزی ناظم تنظیمات محمد ساجد بھٹی نے کی جبکہ مہمان خصوصی سینئر صحافی، شاعر اور گورنمنٹ کالج گوجر خان کے پروفیسر سید نسیم تقی جعفری تھے۔ تقریب میں خصوصی طور پر کینیڈا، انگلینڈ، اسپین، انڈیا اور دیگر یورپی ممالک سے تشریف لانے والے تحریک منہاج القرآن کے عمائدین اور وابستگان نے شرکت کی۔ یہ تمام احباب صدر منہاج ویلفیئر فاونڈیشن فرانس، نگران وبانی منہاج تحفیظ القرآن واسلامک سنٹر محمد نعیم چوہدری کی خصوصی دعوت پر تشریف لائے۔

مرکز اور بیرونی مہمانوں کے علاوہ راولپنڈی، گوجر خان، دولتالہ، ججہ بھنگالی، جبووکسی اعوان اور دیگر شہری ودیہی تنظیمات کے صدور، ناظمین اور نائب ناظمین نے شرکت کر کے تقریب کو مزید با رونق بنایا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ گوجر خان کی ناظمہ نائیلہ واجد اور نائب ناظمہ سمیت علاقہ بھر کی کثیر تحریکی خواتین اور احباب نے اپنے محبوب قائد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، اس کے بعد نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔ بعد ازاں مہمانان گرامی نے شیخ الاسلام کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈائریکٹر منہاج تحفیظ القرآن واسلامک سنٹر پروفیسر محمد طاہر علوی نے ادا کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام کی دینی، علمی اور انقلابی خدمات اتنی ہمہ گیر ہیں کہ ان کا احاطہ کسی ایک نشست میں ممکن نہیں، وہ اپنی ذات میں فرد بھی ہیں اور ایک دنیا بھی۔

محمد نعیم چوہدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا اسلامک سنٹر شیخ الاسلام کی دعاؤں کا ثمر ہے۔ میں شیخ الاسلام کی علمی، ادبی اور سماجی خدمات پر ان کو صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بیگم ڈاکٹر محمد ذکیہ منیر نے شیخ الاسلام کی خدمات کو سراہا اور ان کی صحت وسلامتی کے ساتھ عمر خضر کی دعا کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ بھنگالی کی رہنما نے "قائد تو سلامت رہے" کا منظوم کلام پیش کیا۔ مرکزی ناظم تنظیمات محمد ساجد بھٹی نے شیخ الاسلام کی 61 ویں سالگرہ کی تقریب میں مرکز کی طرف سے قیادت کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی حیات وخدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قائد کی زندگی کے میرے نزدیک 42 کے قریب ایسے گوشے ہیں جن میں انہوں نے کمال حاصل کیا ہے اور ان میں سب سے ارفع گوشہ ان کا علمی میدان ہے۔ شیخ الاسلام کی علمی برتری کا اعتراف پوری دنیا میں مسلم وغیر مسلم دونوں ہی کرتے ہیں۔ تفسیر قرآن اور سیرت الرسول پر کی جانے والی علمی محنت رہتی دنیا تک قائم رہے گی۔

تقریب کے مہمان خصوصی سید نسیم تقی جعفری نے شیخ الاسلام کی شخصیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں برملا اس چیز کا اظہار کرتا ہوں کہ اس وقت پوری دنیا میں اگر اسلام پر صحیح معنوں میں کوئی شخصیت کام کر رہی ہے تو وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں۔ جو منہاج اور راستہ شیخ الاسلام نے ہمیں دیا ہے، حقیقت میں اسی منہاج میں قوم کی فلاح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام کی پہچان ان کا علم ہے۔ علم وادب اور فکر وفن میں اس وقت ان کا کوئی ثانی نہیں۔ سینئر صحافی راجہ محمد جاوید صاحب نے شیخ الاسلام کو امت مسلمہ کے لئے ایک عظیم سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ طاہرالقادری جیسی شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہے۔

کینیڈا سے تشریف لائے ہوئے سید محمد تصور شاہ نے شیخ الاسلام کی خدمات کو سلام پیش کیا اور کہا کہ شیخ الاسلام کی علمی شخصیت اتنی قد آور ہے کہ مجھ جیسا فرد ان کے علم کا ایک نکتہ بھی پورا نہیں بیان کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں شیخ الاسلام کے ساتھ سفر وحضر کی بیشتر نشستیں کر چکا ہوں، واللہ وہ اس صدی کا ایک مرد قلندر اور مرد حر ہے۔ بعد ازاں قصیدہ بردہ شریف اور درود پاک کی صدا میں شیخ الاسلام کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب کے اختتام پر شاہ صاحب نے تمام امت مسلمہ کے لئے اور بالخصوص شیخ الاسلام کی صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

Top