منہاج القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم (گوجر خان) میں مدر ڈے تقریب

مورخہ: 19 جون 2012ء

منہاج القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم گوجر خان میں صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فرانس، صدر و بانی منہاج القرآن اسلامک سنٹر محمد نعیم چوہدری کی زیر سرپرستی مدر ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ایگز یگٹو محمد منیر چوہدری، وائس چیف ایگزیگٹو مسز زکیہ اسد، فیڈرل سکول راو لپنڈی کی پرنسپل مسز رعنا اور راولپنڈی، اسلام آباد کی قابل ذکر شخصیات کے علاوہ علاقے کی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام میں بچوں نے بہت خوبصورت انداز میں ماں کے کردار پر روشنی ڈالی اور ماں کی عظمت پر خوبصورت ٹیبلو اور نغمے پیش کیے۔ بہت سی شرکاء خواتین بچوں کی خوبصورت پرفارمنس دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں۔ مختلف تقاریر میں ماں کے کردار، ماں کی عظمت اور ماں کی اولاد کے لیے دی گئی قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی۔

وائس چیف ایگزیگٹو مسز ڈاکٹر زکیہ اسد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماں اس دنیا کا سب سے خو بصورت رشتہ ہے۔ انہوں نے بہت سی احادیث مبارکہ اور صحابیات کے واقعات کی روشنی میں ماں کی عظمت کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں دیگر معززمہمانوں نے اپنی تقریر میں حضرت اویس قرنی رضی اللہ عنہ کی زندگی کو مثال کے طور پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کے بچوں کو کس طرح سے اپنے والدین کی اطاعت کرنی چاہیے۔ انہوں نے بہت سی مشہور شخصیات کا حوالہ دیا جن کے والد اوائل عمر میں انتقال کر گئے اور ماں نے اُن کی تربیت کی جس کے بل بوتے آج تاریخ میں زندہ ہیں۔

محمد نعیم چوہدری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج ہم اس پلیٹ فارم پر جمع ہیں تو اس کے لیے ان کے شکرگزار ہیں اور اُن کی صحت اور درازیء عمر کے لیے دعا گو ہیں۔

میاں چنوں سے تشریف لائے معزز مہمان منہاج یونیورسٹی سے فارغ التحصیل حافظ محمد وسیم اور اُن کی بیگم صائمہ وسیم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کل معاشرہ جن مسائل سے دو چار ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ ہر عورت ہر ماں صحابیات کی زندگی کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی اولاد کی تربیت کرے تاکہ ہر فرد اسلامی طریقہ سے زندگی گزار سکے۔ پروگرام کے آخر میں اللہ کے حضور دعا کی گئی اور مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا۔

تبصرہ

Top