بھنگالی شریف : یوم عظمت مصطفی (ص)

تحریک منہاج القرآن بھنگالی شریف (دولتالہ) کے زیراہتمام 05 اکتوبر 2012ء کو تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کی کال پر یوم عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منایا گیا۔ تقریب کا انعقاد منہاج ماڈل سکول بھنگالی شریف میں کیا گیا جس میں سکول کے بچوں نور سحر کلاس نہم، عطرت فاطمہ کلاس نہم، ذکیہ بی بی کلاس دہم، عمرانہ کلاس دہم، ثمن زہرا اور ایمن زہرا کلاس دہم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں تقاریر، نعتیں اور درود و سلام پیش کیا۔ تقریب میں خصوصی شرکت ناظم تحریک منہاج القرآن حلقہ پی پی 4 چوہدری محمد اسحاق نے کی۔ جبکہ مہمانان گرامی میں منہاج ماڈل سکول کا تمام سٹاف شامل تھا۔

اس موقع پر ناظم تحریک منہاج القرآن حلقہ پی پی 4 چوہدری محمد اسحاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخانہ فلم سے دنیا کے تمام مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ۔امت مسلمہ کا بچہ بچہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پر کٹ مرنے کو تیار ہے۔ ہماری رگوں میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خون گردش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حکومت پاکستان سمیت تمام اسلامی حکومتوں سے کہا ہے کہ کوئی بھی حکومت عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کرائے میں بطور وکیل امت مسلمہ کی نمائندگی کرنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پچیس صفحات پر مشتمل احتجاجی خط امریکی صدر اوبامہ، اقوام متحدہ اور او۔آئی ۔سی سمیت دنیا کے تمام ممالک کے سربراہوں کو لکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اس جرات مندانہ اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

سکول کی وائس پرنسپل عابدہ خانم نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان پر روشنی ڈالی اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخانہ فلم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نسلوں میں بھی عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو موجزن کرنے کی ضرورت ہے، اور اس فریضہ کی تکمیل کے لیے خواتین کو اپنے بچوں کی تربیت اسلامی خطوط پر استوار کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

تبصرہ

Top