گوجرخان : تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ورکرز کنونشن اور عید ملن پارٹی

تحریک منہاج القرآن گوجرخان کے زیراہتمام 4 نومبر 2012ء بروز اتوار دن 11 بجے علی پلازہ جی ٹی روڈ گوجرخان میں ورکرز کنونشن اور عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔ اس کے بعد صدر تحریک منہاج القرآن گوجرخان ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی نے تحریک منہاج القرآن کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ تقریب میں بطور مہمان خصوصی امیر پنجاب احمد نواز انجم، سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن گوجرخان پیر سید صدیق حسین شاہ، نائب ناظم پنجاب انار خان گوندل نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے کہا کہ موجودہ کرپٹ نظام کو بدلے بغیر تبدیلی ممکن نہیں۔ اس ملک کو کرپٹ نظام نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ اس ملک کی دشمن سیاسی جماعتیں نہیں بلکہ جاگیردار، سرمایہ دار، وڈیرے اور یہ کرپٹ نظام انتخاب ہے جو ان بدمعاشوں کو پوری سپورٹ کر کے اقتدار کی کرسی پر براجمان کرتاہے۔ 23 دسمبر کو مینار پاکستان میں 50 لاکھ افراد اکٹھے کر کے اس کرپٹ نظام کو تحفظ دینے والوں کو دکھا دیں گے کہ عوام میں کتنی طاقت ہے اور اسی طاقت کے ذریعے ہم اس کرپٹ نظام کو سمندر برد کریں گے۔ تقریب سے نائب ناظم پنجاب انار خان گوندل، صدر تحریک منہاج القرآن گوجرخان ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی، ناظم ویلفیئر محمد شفیق مصطفوی نے بھی خطاب کیا۔

تحریک منہاج القرآن گوجرخان کی ایگزیکٹو کونسل، یونین کونسل کے ناظمین و نائب ناظمین، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ سمیت خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں چرمہائے قربانی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والوں اور بے لوث خدمات پیش کرنے پر خواتین و حضرات میں اسناد حسن کارکردگی بھی تقسیم کی گئیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فرانس کے صدر چوہدری محمد نعیم کی جانب سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کیلئے ایک لیپ ٹاپ، 5 ہزار روپے نقد اور تحریک منہاج القرآن گوجرخان کو ایک عدد پروجیکٹر گفٹ کیا گیا۔ مزید برآں چوہدری محمد نعیم کی جانب سے منہاج ویمن لیگ کیلئے 1 لیپ ٹاپ بمعہ پروجیکٹر اور تحریک منہاج القرآن گوجرخان کیلئے 1 لیپ ٹاپ دینے کا وعدہ بھی کیا گیا۔

منہاج القرآن تحصیل گوجرخان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے نائب ناظم پنجاب انار خان گوندل نے اعلان کیا کہ چرمہائے قربانی مہم میں تحصیل گوجرخان کی کارکردگی پورے ڈویژن میں پہلی پوزیشن پر رہی ہے جس پر میں مرکز کی جانب سے تحریک منہاج القرآن گوجرخان کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔

تبصرہ

Top