آزادکشمیر: تحریک منہاج القرآن کی مشاورتی کونسل کا اجلاس

تحریک منہاج القرآن آزادکشمیر کی مشاورتی کونسل کا اہم اجلاس راولپنڈی میں منعقد ہوا۔جس کی صدارت امیر تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر سید ابرار سرور شاہ نے کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام سے ہوا جس کی سعادت علامہ حافظ عرفان صدیقی ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن میرپور نے حاصل کی، جبکہ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حافظ آفتاب احمد ناظم تحریک منہاج القرآن عباس پور نےگلہائے عقیدت نچھاور کیے۔ اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات منہاج القرآن انٹرنیشنل احمد نواز انجم اور سردار منصور احمد خان مرکزی رہنما پاکستان عوامی تحریک نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس کی کاروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے ناظم کشمیر حافظ احسان الحق نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا، جس میں مصطفوی کارکنان کی رجسٹریشن، ماہانہ کارکردگی رپورٹ، جموں کشمیر عوامی تحریک کی تنظیم نو اور چرمہائے قربانی مہم پہ خصوصی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ احمد نواز انجم نے عہدیداران و کارکنان تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر کو خصوصی ہدایت کی کہ کارکنان پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے لیے دو کروڑ مصطفوی جانثار کارکنان کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اپنی اپنی تحصیلات میں کام کو تیز کریں۔

اجلاس میں جموں و کشمیر عوامی تحریک کی تنظیم نو کے سلسلہ میں خصوصی مشاورت کرنے کے بعد ایک کوآرڈی نیشن کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا جو تحصیل لیول تک جموں و کشمیر عوامی تحریک کی از سر نو تنظیم سازی کرے گی۔ جموں و کشمیر عوامی تحریک کوآرڈینیشن کونسل کے سربراہ سردار اعجاز احمد سدوزئی کو مقر ر کیا گیا جبکہ سردار افتخار حسین فاروقی، شاہد محمود قادری اور سردار ریاض احمد عباسی جموں و کشمیر عوامی تحریک کوآرڈینیشن کونسل کے ممبر ہوں گے۔ اجلاس میں ناظم ویلفئیر آزاد کشمیر لطیف غوث نے چرمہائے قربانی مہم 2013ء پہ خصوصی بریفنگ دی۔ اجلاس کے اختتام پر اللہ کے حضور دعائیہ کلمات پیش کیے گئے۔

رپورٹ۔عرفان محمود قادری ناظم نشر و اشاعت کشمیر

تبصرہ

Top