مصطفوی انقلاب کیلئے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے، چوہدری عرفان یوسف

مصطفوی انقلاب کیلئے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے۔ چوہدری عرفان یوسف
موومنٹ سے وابستہ شاہینوں نے اپنے قائد سے تجدید عہد وفا کیا۔ راولپنڈی میں تقریب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ راولپنڈی کے زیراہتمام یوم تاسیس کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاسم مرزا، صدر ایم ایس ایم راولپنڈی بلال چیمہ، صدر ایم ایس ایم گوجر خان رخسار مصطفوی، صدر اسلام آباد سعید خان نیازی،  کامران متین، سرمد ملک کے علاوہ کارکنان و وابستگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ اس سلسلے کے پروگرام نومبر کے آغاز تک جاری رہیں گے، جبکہ پورا ماہ ‘‘امید پاکستان طلبہ کنونشنز’’ ہوں گے۔

یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایم ایس ایم کے جملہ قائدین، سابقین، کارکنان اور وابستگان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایم تحریک کا ہر اول دستہ اور قائد انقلاب کی فکر کی وارث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم نے اپنے 19 سالہ سفر میں طلبہ کے اندر عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے فروغ کیلئے جس لگن کے ساتھ کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔

مرکزی صدر ایم ایس ایم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایم کے لائق صد تحسین 19 سالہ سفر کی تکمیل پر تمام کارکنان و وابستگان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ سفر انقلاب جاری رہے اور اس وقت تک جاری رہے گا جب تک پاکستان میں مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع نہیں ہوجاتا۔ ایم ایس ایم نے ہمیشہ طلبہ کے حقوق کے تحفظ، فرسودہ نظام تعلیم اور طبقاتی تقسیم کیخلاف آواز بلند کی ہے۔ ہمارا اسلحہ علم اور کردار ہے، قوموں نے اسی بل بوتے پر ترقی کی ہے۔ ہم در و دیوار پر قبضے کے قائل نہیں بلکہ طلبہ کے دل پر دستک دیتے ہیں۔ الحمد اللہ اس وقت ایم ایس ایم ملک کی سب سے بڑی طلبہ تنظیم ہے جس کا نیٹ ورک ملک بھر میں پھیل چکا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاسم مرزا نے کہا کہ ہم اپنے قائد سے تجدید عہد کرتے ہیں کہ وہ نظام جو ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کر رہا ہے اس کے خاتمے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے۔ اس ظالمانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک چین کی نیند سونا ہم نے اپنے اوپر حرام کررکھا ہے، ایم ایس ایم نے ہمیں شعور دیا۔ یہ محض طلبہ تنظیم نہیں بلکہ ہمارا عشق ہے۔ تقریب کے آخر میں کیک کاٹا گیا اور اللہ کے حضور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top