فخرو بھائی کا نظام نہیں چلے گا، جماعت کھڑی ہوتے ہی استحصالی سیاست خس و خاشاک کی طرح بہہ جائے گی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

اب الیکشن نہیں ہونگے، انقلاب آئے گا اور اسکے بعد مثبت جمہوریت قائم ہو جائے گی
سٹیٹس کو سے اس وقت تک جنگ رہے گی جب تک افق سیاست پر انقلاب کا سویرا طلوع نہیں ہو جاتا
ڈاکٹر طاہر القادری ایسی قیادت ہیں جنہیں زمانے نہیں بناتے بلکہ زمانے انکے نام سے منسوب رہتے ہیں
ڈاکٹر حسن محی الدین القادری کا منڈی بہاؤالدین میں بیدارئ شعور عوامی اجتماع میں شریک ہزاروں مرد و خواتین سے خطاب
منڈی بہاؤالدین پہنچنے تک استقبالی جلوس 4 سے 5 کلومیٹر لمبی عوامی ریلی میں بدل چکا تھا

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ اب فخرو بھائی کا نظام نہیں چلے گا۔ ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت کھڑی ہونے کی دیر ہے چند سو خاندانوں کی استحصالی سیاست خس و خاشاک کی طرح بہہ جائے گی۔ محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی سیاسی بصیرت اور شبانہ روز محنت نے انہیں قوم کا قائد اعظم بنایا تھا۔ ڈاکٹر طاہر القادری وہ مرد حر ہیں جو ملک کو مثبت تبدیلی سے ہمکنار کر کے پوری قوم کے قائد انقلاب کہلائیں گے۔ آج قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے بنائے گئے نشیمن کو آگ لگائی جا رہی ہے اور اسکا تنکا تنکا بکھر رہا ہے۔ فیصلے کا وقت آن پہنچا ہے، اب ملک میں الیکشن نہیں ہونگے، انقلاب آئے گا اور اسکے بعد مثبت جمہوریت قائم ہو جائے گی۔ انقلاب کے بعد جس نظام کے تحت الیکشن ہوا کریں گے اسکا اعلان بھی مناسب وقت پر قائد انقلاب ڈاکٹر طاہر القادری کریں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری ایسی قیادت ہیں جنہیں زمانے نہیں بناتے بلکہ زمانے انکے نام سے منسوب ہوتے ہیں۔ 23 دسمبر سے 11 مئی تک ڈاکٹر طاہر القادری نے جو کہا وہ من و عن درست ثابت ہوا۔ وہ جو باتیں آج کہہ رہے ہیں وقت کے ساتھ 100فیصد درست ثابت ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاؤ الدین کے ریلوے ہاکی گراؤنڈ میں بیداری شعور عوامی اجتماع میں شریک ہزاروں مرد و خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل پھالیہ میں انکا تاریخی استقبال ہوا۔ منڈی بہاؤالدین پہنچنے تک انکا استقبالی جلوس 4 سے 5 کلومیٹر لمبی عوامی ریلی میں بدل چکا تھا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین القادری کے استقبال سے منڈی بہاؤ الدین میں تبدیلی کی عوامی سوچ ابھرتی ہوئی صاف محسوس ہوئی۔ ریلوے ہاکی گراؤنڈ کے سٹیج پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی خرم نواز گنڈا پور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض، ڈویژنل کوآرڈینیٹر وسیم ہمایوں اور دیگر ضلعی قائدین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ لوگو سن لو! ہماری سٹیٹس کو سے اس وقت تک جنگ رہے گی جب تک افق سیاست پر انقلاب کا سویرا طلوع نہیں ہو جاتا۔ منڈی بہاؤ الدین کے غیور عوام نے منی لانگ مارچ کا نظارہ دکھا کر آنے والے انقلاب کو اور بھی قریب کر دیا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب مظلوم عوام سبز انقلاب بپا کر کے مسائل سے ہمیشہ کیلئے نجات پا لیں گے۔

استقبال کے تصویری مناظر

تبصرہ

Top