راولپنڈی: تحریک منہاج القرآن کا تنظیمی و تربیتی کنونشن

تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کے زیراہتمام تنظیمی و تربیتی کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس اور مرکزی ناظم تربیت علامہ غلام مرتضی علوی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ کنونشن سے انار خان گوندل، ملک نذیر اعوان، ناہیدہ راجپوت، عثمان ارشد، علامہ شبیر عباس اور حسنین ارشد نے بھی خطاب کیا۔ یہ کنونشن منہاج القرآن اسلامک سنٹر کری روڈ پر منعقد ہوا جس میں شہر بھر سے سیکڑوں عہدیداران شریک ہوئے۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا ادریس نے کونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے بدعنوان اور لٹیرے حکمرانوں نے ہمارے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، تبدیلی آ جانے کے باوجود ہر شعبہ زندگی انحطاط کا شکار ہے، اس ہمہ گیر زوال سے نکلنے کیلئے ایک پرامن انقلاب ناگزیر ہے، ہماری جدوجہد کا موازنہ موجودہ تخریبی سیاست سے کرنا غلط ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنی جدوجہد کا ایک ایک پہلو قرآن و سنت سے کشید کیا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقتدار سے باہر رہ کر بھی ملک و ملت کیلئے بہت کچھ کیا جا سکتا ہے، انقلاب کا خواب ایک غیر معمولی افرادی قوت کے بغیر کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، تربیتی ایک مسلسل عمل کا نام ہے، ہمارے نظم کی ایک دنیا گواہ ہے، اگلے پانچ سالوں میں لاکھوں تربیت یافتہ کارکن تیار کرینگے۔

تبصرہ

Top