عوام کو حقوق کا شعور دلانا ہمارا مشن ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی عوام کش پالیسی کو فی الفور ختم
کیا جائے
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی تحریک منہاج القرآن پنجاب کی مجلس عاملہ کے اہم اجلاس سے
گفتگو
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ مہنگائی، غربت اور لوڈشیڈنگ عوام پر عذاب بن کر مسلط ہیں۔ حکومت کی طرف سے غربت کے خاتمہ کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی۔ غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی عوام کش پالیسی کو فی الفور ختم کیا جائے اور حکومت اپنے اضافی اخراجات کو کم کر کے عوام کو ریلیف دے۔ ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن پنجاب کی مجلس عامہ کے اہم اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیر پنجاب تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، توقیر گیلانی، بشیر لودھی اور وسیم ہمایوں بھی موجود تھے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جائے ان کو طبی اور فنی سہولتیں دی جائیں۔ عوام کو حقیقی ریلیف اس وقت نصیب ہو گا جب نظام تبدیل ہو گا۔ موجودہ نظام نے غربت کی بجائے غریب کا خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے خواتین پر تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں خواتین کو تحفظ حاصل ہو، عوام کی فلاح و بہبود ہو اور انسانی اقدار پروان چڑھیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے جس سے انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو حقوق کا شعور دلانا ہمارا مشن ہے۔ عوام کو اپنے حقوق کا پتہ نہیں اور نہ ہی انہیں حاصل کرنے کا شعور ہے۔ اسلئے ہم پسے ہوئے طبقے میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ بیدار کر رہے ہیں۔ جہالت کے خاتمے کے بغیر کسی مثبت تبدیلی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
تبصرہ