تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض یورپ کے 2 ماہ کے دعوتی و تنظیمی دورے پر روانہ

مورخہ: 07 مئی 2010ء

دورے کے دوران بیلجیم، سپین، جرمنی، ہالینڈ اور فرانس میں اجتماعات سے خطاب کریں گے
اسلام کا حقیقی اور اصلی چہرہ دنیا کے سامنے لا کر اس کا پیغام امن و سلامتی عام کرنا ہمارا مشن ہے

تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض یورپ کے 2 ماہ کے دعوتی و تنظیمی دورے پر روانہ ہو گئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر قائدین اور کارکنان کی کثیر تعداد نے انہیں رخصت کیا۔ سینئر نائب ناظم اعلیٰ یورپ کے دورے کے دوران بیلجیم، سپین، جرمنی، ہالینڈ اور فرانس جائیں گے جہاں وہ تحریک منہاج القرآن کے اسلامک سینٹرز میں اجتماعات سے خطاب کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف وفود سے ملاقات بھی کریں گے۔ لاہور ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا کے پانچ براعظموں میں دین حق کا پیغام پھیلانے اور عام کرنے میں مصروف عمل ہے۔ شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کی صورت میں عالم اسلام کو ایسی تحریک عطا کر دی ہے جو اپنے تنظیمی نیٹ ورک منظم اور موثر دعوت کے حوالے سے اسلامی دنیا میں منفرد شناخت بنا چکی ہے۔ دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں بسنے والے مسلمانوں کی اصلاح اور دین مبین کی مختلف جہتوں میں تجدید کا فریضہ انجام دینے والی تحریک اسلام کی حقیقی تعلیمات عام کر رہی ہے۔ یورپ میں بسنے والے نوجوانوں کی اکثریت کو تحریک منہاج القرآن نے یہ شعور دے دیا ہے کہ اسلام قیامت تک کے لئے قابل عمل دین ہے۔ اسلام کے خلاف ہونے والے پے در پے حملوں کے باعث فکری و ذہنی شکست کی طرف بڑھنے والے مسلمانوں کو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دعوت و تبلیغ نے پھر سے حوصلہ، ہمت، جرات اور علم و شعور عطا کر دیا ہے۔ وہ دیار کفر میں اسلام کی خدمت کافریضہ اعتماد سے ادا کر رہے ہیں اور اللہ کے فضل و کرم سے اسلام کے خلاف پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کے ازالے کے لئے موثر و اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن عالمی سطح پر اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی اصلاح احوال کا فریضہ بھی احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ساری دنیا میں امن و سلامتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے سفیر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا حقیقی اور اصلی چہرہ دنیا کے سامنے لا کر اس کا پیغام امن و سلامتی عام کرنا ہمارا مشن ہے اور دہشت گردی، انتہا پسندی اور تنگ نظری کو اسلام کے ساتھ جوڑنے کے مذموم اور بھیانک اقدام کے خلاف تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں برسر پیکار ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top