پاکستان میں بد حالی اور بدامنی کا عذاب ہمارے طرز عمل کا نتیجہ ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 13 مئی 2010ء

جس دور میں اسلام کو مسخ اور داغدار کیا جارہا ہو اس دور میں اسلام کاحقیقی چہرہ سامنے لانا بہت بڑا جہاد ہے
ووٹ کا درست استعمال ہی وہ ہتھیار ہے جس کے ذریعے نیک اور صالح قیادت میسر آ سکتی ہے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کاماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی (ص) کے روحانی اجتماع سے ٹیلی فونک خطاب

جس دور میں اسلام کو مسخ اور داغدار کیا جارہا ہو اس دور میں اسلام کا حقیقی چہرہ سامنے لانا بہت بڑا جہاد ہے اور تحریک منہاج القرآن یہی فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ پاکستان میں بدحالی اور بدامنی کا عذاب ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے۔ اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو چھوڑ کر خیر اور نیکی کے کام کی دعوت کو نظر انداز کردیا ہے جس کی وجہ سے ہم عذاب الہی کا شکار ہیں۔ پاکستانی معاشرے میں برائی بڑھ رہی ہے اور ہم خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ گوشہ درود کے ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روحانی اجتماع سے لندن سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتی ہے تو وہ ووٹ کا صحیح استعمال کرے۔ یہی وہ ہتھیار ہے جس کے ذریعے سے نیک اور صالح قیادت مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کا مسلمہ اصول ہے کہ چند افراد برائی میں مبتلا ہوں تو اللہ تعالی عذاب نہیں دیتا لیکن برائی عام ہورہی ہو اور اسے روکنے کی طاقت کے باوجود معاشرے کے افراد ردعمل کا اظہار نہ کریں تو اللہ تعالی کی طرف سے عذاب آتے ہیں۔ وہ عذاب بد کردار، بد دیانت اور بد اخلاق حکمرانوں کی صورت میں بھی ظاہر ہوتا ہے اور قوم سے ان کی غلطیوں کاشعور اور احساس بھی چھن جاتا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ قوم دعاؤں کے قبول نہ ہونے کا رونا روتی ہے مگر اپنے رویوں پر غور نہیں کرتی۔ دور حاضر میں دین پر عمل کرنے والے لوگوں کو مذاق کا نشانہ بنا یا جاتا ہے، یہ سب دین سے دوری کی علامتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین کے لیے جدوجہد اور سفر کرنے والے بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ نوجوان نسل دعوت دین اور علم کے حصول کے لئے میدان عمل میں آئیں اور پوری دنیا میں علم کے حصول کے لئے جائیں اس سے ان کا Vision بڑا ہو گا اور وہ ملک و ملت کی بہترین خدمت کر سکیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top