قرار داد پاکستان کی حقیقت پر عمل نہ کر کے ہم نے قائد اعظم کی روح کو تکلیف دی : مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ

حکمران اگر ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دیتے تو پاکستان آج ایشیاء کی قیادت کر رہا ہوتا
طلبہ نظریہ پاکستان اور امن کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنا سکتے ہیں

قرارداد پاکستان کا مقصد صرف علیحدہ ریاست حاصل کرنا نہ تھا بلکہ ایک ایسا آزاد اور خود مختار ملک حاصل کرنا تھا جس میں مسلمان اپنے عقائد کے مطابق اندرونی و بیرونی دباؤ سے آزاد ہو کر عمل کر سکیں۔ انصاف اور مساوات کے اصول قائم کیے جائیں اور سب کو بنیادی حقوق ان کی دہلیز پر پہنچائے جائیں لیکن افسوس کہ ہم نے قرارداد پاکستان کی حقیقت کو فراموش کر کے بانی پاکستان قائد اعظم رحمۃ اللہ کی روح کو تکلیف دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینئر طلبہ رہنما مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ساجد گوندل نے نظریہ پاکستان کے حوالے سے ایک فکری نشست میں گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے حکمران ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دیتے تو پاکستان آج ایشیاء کی قیادت کر رہا ہوتا۔ طلبہ رہنما چوہدری امجد جٹ نے کہا کہ آج کچھ لوگ نوجوانوں کو اسلام کی غلط تشریح کر کے دہشت گردی کی طرف راغب کر رہے ہیں تاکہ اس ملک کے امن کو تباہ کیا جائے۔ طلبہ نظریہ پاکستان اور امن کے خلاف ہونی والی ہر سازش کو ناکام بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلبہ کی پرامن تنظیم ہے جو طلبہ میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور استحکام پاکستان کے مقاصد کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ سیمینار سے حافظ محمد رمضان نیازی، چوہدری عظیم الحق اور حافظ مدثر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top