طلبہ قومی اور تعلیمی ذمہ داریوں کو چھوڑ کر خود غرضی اور نفس پرستی کا شکار ہو چکے ہیں : ساجد ندیم گوندل

جس قوم کے نوجوان بیدار ہوں اسے کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا

ملک کے مستقبل کے معمار جہاں ایک طرف قتل و غارت گری، بے حیائی، فحاشی، عریانی اور بد کاری میں لت پت ہو چکے ہیں وہاں دوسری طرف نسلی، لسانی اور جغرافیائی بتوں کے پجاری بھی بن چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سینئر نائب صدر ساجد ندیم گوندل نے ہزارہ ڈویژن میں ایم ایس ایم کے یوم تاسیس کے سلسلہ میں منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے اس ملک کے طلبہ اپنی اجتماعی قومی ذمہ داریوں کو پس پشت ڈال کر خود غرضی اور نفس پر جاہ طلبی کا شکار ہو چکے ہیں۔ اندریں حالات ہمارے پاس دو راستے ہیں ایک یہ ہے کہ ہم اپنی بے حسی اور منافقت کو جاری رکھیں اور یہ سوچنے کی ضرورت ہی محسوس نہ کریں کہ امت مسلمہ کے افرادکی حیثیت سے ہماری کوئی ذمہ داریاں بھی ہیں۔ اس کے بر عکس دوسرا راستہ یہ ہے کہ ہم امت مسلمہ کو در پیش داخلی و خارجی، نظریاتی اور جغرافیائی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے علم و عمل کے سارے تقاضے پورے کرنے کیلئے تیار ہوجا ئیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والا ظلم ہمیں دعوت فکر دیتا ہے کہ آخر مسلمان ہی کیوں ظلم و جبرکا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم کے نوجوان بیدار اور اپنی صلاحیتوں کو اپنی قوم کیلئے صرف کریں اس قوم کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ ہمیں اپنا احتساب کرنا چاہیے اور ملک و قوم کی بہتری اور ترقی کیلئے تجدید عہد کرنا چاہیے۔ اس موقع پر صدر ایم ایس ایم آزاد کشمیر رضوان میر، عامر اسمعیل، جواد شاہ، طاہر طیب اور دیگر کارکنان موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top