اسلام نے تاریک یورپ کو حقیقی روشنی سے ہمکنار کیا : شیخ زاہد فیاض
علم میں عروج اور عمل میں کمال ہی امت مسلمہ کے زوال کو عروج
میں بدل سکتا ہے
ستاروں پر کمندیں ڈالنے کا جذبہ سرد پڑگیا تو امت کے فہم و فراست پر جمود طاری
ہوگیا
تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ مغربی مفکرین اسلام اور پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں اپنے تمام ترتعصبات کے باوجود اسلام کی عظیم الشان تہذیب و ثقافت کی نفی نہیں کرسکے۔ انہیں برملا اعتراف کرنا پڑا کہ مسلمانوں نے یورپ کی تہذیب کو شائستگی کی دولت سے ہی نہیں نوازا بلکہ شخصیت کی تعمیر و کردار کیلئے مضبوط بنیادیں بھی فراہم کی ہیں اور تاریکی میں ڈوبے ہوئے یورپ کو ثقافت کی روشنی سے ہمکنار کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یونیورسٹی کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ثقافت نے انسانیت کو شعور عطا کیا اور اس کرہ ارضی پر مہذب معاشروں کے قیام کی راہ ہموار کی جو آج بھی تاریخ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ جدید علوم و ٹیکنالوجی مسلمانوں کی اس روایت علمی کی مرہون منت ہے جس نے آٹھ سو سال تک اندلس کی سرزمین پر فروغ پایا اور ذہنوں میں شعور و آگہی کے انگنت چراغ روشن کیے۔ اسلام کے زریں اصولوں نے انسان کی تخلیقی صلاحتوں کو جلا بخشی اور مظاہر فطرت کے سامنے سجدہ ریز ہونے کی بجائے ان کی تسخیر کیلئے انسانیت کو ذہنی طور پر آمادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جب بے عملی مسلمانوں کا وطیرہ بن گئی جمود مرگ کو مقدر سمجھ کر امت نے اپنے سینے سے لگا لیا۔ اپنی شاندار ثقافتی اقدار کو پس پشت ڈال کر اپنی ملی غیرت کو اغیار کے ہاتھوں گروی رکھ دیا تو زوال و انحطاط کی تاریکیاں ہمارا مقدر بن گئیں۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ زندگی جہد مسلسل کا نام ہے ستاروں پر کمندیں ڈالنے کا جذبہ سرد پڑ گیا تو امت مسلمہ کی سوچ بھی جمود کی دبیزتہہ کے نیچے دفن ہوگئی۔ آج بھی عظمت اور رفعت کو مقدر بنایا جاسکتا ہے بشرطیکہ علم، عمل اور کردار کا پیکر بن کر محنت کو شعار بنایا جائے۔
طالبعلموں کو اپنی تمام ترتوجہ ریسرچ پر مرکوز کرنی ہوگی۔ آنے والا دور علم میں ترقی کا دور ہے اور مسلمانوں کیلئے علم کے ساتھ ساتھ عمل کی زیادہ اہمیت ہے۔ علم میں عروج اور عمل میں کمال ہی امت کے زوال کو عروج میں بدل سکتا ہے۔ اس لیے طلبہ کو اپنی ذمہ داریوں کو پہچان کر آگے بڑ ھنا ہوگا اور محنت اور خلوص نیت سے کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا ہوگا۔
تبصرہ