منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا کے صدر سید ناد علی حسن علی کا دورہ پاکستان

مورخہ: 16 مئی 2011ء

تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا کے صدر سید ناد علی حسن علی 16 مئی 2011ء کو 10 روزہ تنظیمی دورہ پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور پہنچ گئے۔ تحریک منہاج القرآن انڈیا کے تحریکی ساتھی محمد اشفاق شیخ بھی ان کے ساتھ تھے۔ نظامت امور خارجہ کے سیکرٹری محمد وسیم افضل قادری کی قیادت میں پانچ رکنی وفد نے واہگہ بارڈر پر معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔ استقبالیہ وفد میں محمد احمد معین (نائب ناظم منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن)، غلام سرور قادری (سعودی عرب) اور واجد نعیم مغل شامل تھے۔ بعد ازاں معزز مہمانوں کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر لایا گیا، جہاں نظامت امور خارجہ کے جملہ سٹاف نے مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔

سید ناد علی حسن علی اپنے دس روزہ قیام کے دوران تحریک منہاج القرآن کی مرکزی انتظامیہ، قائدین اور جملہ فورمز کے صدور و ناظمین کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ سید ناد علی حسن علی نے اپنے دورہ پاکستان کے حوالے سے بتایا کہ دورے میں جو اہم امور شامل ہیں ان میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مستقبل قریب میں دورہ انڈیا کو حتمی شکل دینا، منہاج پروڈکشن کی کوالٹی اور کنٹرول سسٹم کے ساتھ انڈیا تنظیم کی کوآرڈینیشن، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے انڈیا میں شیخ الاسلام کی کتب کی طباعت و اشاعت کے معاملات شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ لاہور آمد کے بعد حضرت علی بن عثمان المعروف داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ سمیت فرید ملت ڈاکٹر فرید الدین قادری اور پیر طریقت پیر السید طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی کے مزارات پر بھی حاضری شامل ہے۔

تحریک منہاج القرآن انڈیا کے صدر سید ناد علی حسن علی نے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل اور پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام جی ایم ملک کے ساتھ مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران انہوں نے مرکزی قائدین کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ترجمہ عرفان القرآن کا ہندی ترجمہ اور المنہاج السویٰ کا ہندی ترجمہ بھی پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب گجراتی، ہندی، میراٹھی، بنگالی اور اردو زبان میں شائع کر دی گئیں ہیں، جو بعد ازاں انہوں نے مرکزی قائدین کو  بھی پیش کیں۔ ملاقات کے دوران انہوں نے منہاج پروڈکشن انڈیا کی جانب سے سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز کی تیاری اور ان کی سیل کا مکمل پلان بھی پیش کیا۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل نے منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا کے صدر سید ناد علی اور جملہ اراکین کی جانب سے کئے جانے والے مشن کے کام کو بے حد سراہا اور پراجیکٹس مکمل کرنے پر انہیں خصوصی مبارکباد بھی پیش کی۔ ملاقات کا اختتام دعا خیر سے ہوا۔

رپورٹ : محمد وسیم افضل قادری

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top