تجدید دین اور تصوف کے احیاء کیلئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمگیر خدمات نے لاکھوں مسلمانوں کی زندگیاں بدل دی ہیں : راجہ جمیل اجمل
بیرونی دنیا میں تحریک منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز اسلامی ثقافت کے احیاء میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تجدید دین اور تصوف کے احیاء کیلئے عالمگیر سطح پر جو کاوشیں کی ہیں اس نے ہزاروں لاکھوں مسلمانو ں کی زندگیا ں بدل دی ہیں اور انہیں اسلام کا سچا خادم بنا دیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے سکالرز اندرون و بیرون ملک دین مبین کی دعوت کے کام کو انتہائی حکمت و بصیرت سے آگے بڑھا رہے ہیں اور اس کے انتہائی مثبت اثرات یورپی معاشروں میں بسنے والے مسلم خاندانوں پر واضح دکھائی دینے لگے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل نے منہاج القرآن یوتھ لیگ فیصل آباد کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر چوہدری بابر علی، ثناء اللہ طاہری اور محمد طیب ضیاء بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دنیا میں تحریک منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز اسلامی ثقافت کے احیاء میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں اور اسلام کا پیغام امن، سلامتی اور محبت عام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنگ نظری، انتہاء پسندی، عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے منفی رویوں کو اسلام کے ساتھ جوڑنے کی مذموم سازشوں اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی پرا گندگی کے خلاف تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور اسلام کے حقیقی چہرے کو اجلا کر کے دنیا کے سامنے واضح کیا جا رہا ہے۔
راجہ جمیل اجمل نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اپنے منظم تنظیمی نیٹ ورک کی بنا پر بلاشبہ عالم اسلام کی سب سے بڑی تحریک ہے جس کی خدمات کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے ۔
تبصرہ