نشتر ٹاؤن نواں پنڈ لاہور میں عرفان القرآن کورس کا افتتاح

تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے زیراہتمام 22 جولائی 2011 کو نواں پنڈ کھوکھراں نشتر ٹاؤن لاہور میں عرفان القرآن کورس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ محمد رمضان ایوبی ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن لاہور اور محمد شریف کمالوی مرکزی ناظم عرفان القرآن کورس نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت فرمائی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی پڑھی گئی۔ علامہ صابر حسین معلم عرفان القرآن کورس نے پروگرام میں استقبالیہ کلمات ادا کیے۔

محمد رمضان نے اظہار خیال کرتے ہوئے حلقات درود و فکر پر روشنی ڈالی اور ان کا مکمل تعارف کروایا۔ جسے سن کر شرکاء نے اپنے اپنے گھروں میں حلقات کھولنے کا عزم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تک تحریک منہاج القرآن کے مرکزی گوشہ درود میں 28 ارب سے زائد درود پاک پڑھا جا چکا ہے اور 4 ہزار سے زائد لوگ گوشہ نشین ہو چکے ہیں۔

علامہ محمد شریف کمالوی نے عرفان القرآن کورس کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ رجوع الیٰ القرآن کے لیے تحریک منہاج القرآن نے پورے ملک میں عرفان القرآن کورسز کا جال بچھا دیا ہے جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ ان کورسز میں افراط و تفریظ اور تفرقہ بازی سے ہٹ کر جدید سائنٹفک اور آسان طریقہ تدریس کے ذریعے عوام الناس کوقرآن فہمی کی تعلیم دی جا رہی ہے۔ ان کورسز میں تلاوت قرآن، تفہیم قرآن اور تعمیل قرآن کی عملی مشق کروائی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت چار سو سے زائد عرفان القرآن کورس کی کلاسز ہو چکی ہیں۔ جن میں بیس ہزار سےزائد لوگ تعلیم حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے اس کورس کے طریقہ تدریس پر بھی روشنی ڈالی جس سے لوگ بہت محظوظ ہوئے اور لوگوں کے اندر قرآن سیکھنے کا جذبہ بیدار ہوا، نیز لوگوں نے اس طریقہ تدریس کو بھی سراہا۔

تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات پر کیا گیا۔

رپورٹ: محمد سلمان اعوان

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top