تعلیمات زھرہ پر عمل کرنا ہی آج کی عورت کیلئے راہ نجات ہے : سیدہ کائنات کانفرنس سے خواتین مقررین کا خطاب

مورخہ: 11 اگست 2011ء

مسلم خواتین کو صبر و استقامت اور شرم و حیاء کا پیکر بننا ہے
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سیدہ کائنات کانفرنس سے خواتین مقررین کا خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی خواتین کو بطولیت کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہو گا تبھی زوال عروج میں بدل سکے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ویمن لیگ کی بنیاد رکھ کر امت مسلمہ کی خواتین کو یہ پیغام دیا تھا کہ سیدہ کائنات فاطمۃ الزھرہ کی شخصیت کو آئیڈیل بنائے بغیر آئندہ نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنانا ممکن نہ ہو سکے گا، اسلئیے کہ سیدہ فاطمہ کے اسوہ کی خیرات کے بغیر ہم کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن میں سالانہ سیدہ کائنات کانفرنس میں "سیدہ کے نقوش سیرت اور دعوت فکر" کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار سے ڈاکٹر شبیہہ طراز، ڈاکٹر شہناز مزمل، پاکستان ویمن پائلٹ ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن کیپٹن پائلٹ شہناز لغاری، مرکزی ناظمہ امامیہ آرگنائزیشن لبنی زیدی، سماجی شخصیت علینہ ٹوانہ، طاہرہ بتول، نوشابہ حمید اور سدرہ کرامت نے بھی خطاب کیا۔

خواتین مقررین نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزھراہ سلام اللہ علیہا کی شخصیت پوری انسانیت کیلئے انسانی کردار کی عظمت کا مینارہ نور ہے۔ مسلم خواتین کو صبر و استقامت اور شرم و حیاء کا پیکر بننا ہے جدید اور قدیم علوم کے حصول کو پہلی ترجیح بنانا ہے۔ تعلیمات زھرہ پر عمل کرنا ہی آج کی عورت کیلئے راہ نجات ہے۔ افسوس آج ہمارے بداعمال موجودہ حکمرانوں کی شکل میں ہم پر مسلط ہیں۔ اگر اہم اپنے اعمال کا ٹیڑھ درست کر لیں تو ہمارے حالات بدل سکتے ہیں۔ سیدہ کائنات کی تعلیمات کو اگلی نسلوں میں منتقل کرنے کیلئے ماؤں کو اولاد کی تربیت کیلئے رہنماء اصول بتول زھرہ کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنا ہوں گے۔ سیدہ کائنات نے امام حسین اور امام حسن اور سیدہ زینب کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔ آج سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر چلنے والی بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر موقع پر سیدہ کائنات کو اپنے ساتھ رکھتے، تربیت کا یہ اصول آج ہمیں اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ہو گا۔ اگلی نسلوں کو مقام زھرہ کے آداب سکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ ایسی کانفرنسز کا انعقاد اگلی نسلوں تک اہل بیت اطہار کے عظیم کردار کو پہنچانے کیلئے ضروری ہیں اس کیلئے منہاج القرآن ویمن لیگ مبارکباد کی مستحق ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top