اگر ہم چاہتے ہیں کہ نئی نسلوں کا مقدر بدلے تو موجودہ فرسودہ نظام کو بدلنا ہو گا: ڈاکٹر علامہ غلام مرتضیٰ علوی

سیاسی و معاشی طور پر امت مسلمہ دنیا میں محکومی کی زندگی گزار رہی ہے۔ مسلم ممالک وسائل کی فراوانی اور موثر افرادی قوت کے باوجود سیاسی اور معاشی طور پر دنیا میں بے حیثیت دکھائی دیتے ہیں جس کی بڑی وجہ اتحاد و یک جہتی کا نہ ہونا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم تربیت ڈاکٹر علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں پاکستان سمیت موثر اسلامی ممالک کے حکمران ذاتی مفادات سے تائب ہو کر ایک ایسا فورم تشکیل دیں جہاں محکوم مسلم ممالک کو حقیقی آزادی دلانے اور امت کے معاشی اور سیاسی وقار کی بحالی کیلئے ٹھوس پالیسیاں تشکیل دی جائیں اور ان پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ مسلمان بطور امت دنیا میں توقیر کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ نئی نسلوں کا مقدر بدلے اور آنیوالے ہم سے بہتر پاکستان میں زندگی گزاریں تو اس موجودہ فرسودہ نظام کو بدلنا ہو گا اور اگر حکمرانوں نے اپنی موجودہ روش کو نہ بدلا تو سیاسی و معاشی طور پر کمزور امت دنیا میں مزید بے حیثیت بنا دی جائیگی اور امت مسلمہ کی آئندہ نسلیں ایسے حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top