19 نومبر کو ناصر باغ بیداری شعور طلبہ اجتماع میں 50 ہزار سے زائد طلباء و طالبات شرکت کریں گے

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری موجودہ ملکی حالات کے حوالے سے خصوصی خطاب کریں گے
مرکزی صدرمصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تجمل حسین کی لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ 19 نومبر کو ناصر باغ میں لاہور کی تاریخ کی سب سے بڑا بیداری شعور طلبہ اجتماع کرے گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری موجودہ ملکی حالات کے حوالے سے طلبہ اور نوجوان کو اہم پیغام دیں گے اور پاکستان میں حقیقی تبدیلی کیوں اور کیسے کے موضوع پر خطاب کریں گے۔ 19 نومبر کو لاہور کی شاہرائیں اور ناصر باغ کی ہوائیں سب سے بڑے طلبہ اجتماع کی گواہ بن جائیں گی۔ اجتماع میں ملک بھر سے 50 ہزار سے زائد طلباء و طالبات شرکت کرکے قوم کو پیغام دیں گے کہ ملکی استحکام اور حقیقی تبدیلی کیلئے وطن عزیز کے طلبہ بیدار ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر تجمل حسین نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر MSM کے مرکزی عہدیداران عرفان آصف، عبدالغفار مصطفوی، ضمیر مصطفوی، عمیر مصطفوی اور حامد علی بخاری کے علاوہ پنجاب یونیورسٹی، GC یونیورسٹی، لاہور یونیورسٹی، FC یونیورسٹی کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

تجمل حسین نے کہا کہ طلبہ اور نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اور ملکی حالات پر انکی گہری نظر ہوتی ہے۔ گھمبیر حالات نے جہاں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے کروڑوں افراد کو بری طرح متاثر کیا ہے وہاں طلبہ کے حقوق بھی پامال ہو رہے ہیں۔ کرپشن، جان توڑ مہنگائی، عدم انصاف، بے روزگاری اور فرسودہ نظام تعلیم نے معاشرے کو مفلوج کر دیا ہے۔ ادارے تباہ ہو چکے ہیں آئین کو موم کی ناک بنا دیا گیا ہے اور عوام اور انکے حقوق کے درمیان خلیج اتنی بڑھا دی گئی ہے کہ وہ زندگی کی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ ان حالات میں ناگزیر ہو گیا ہے کہ مثبت تبدیلی کیلئے طلباء و طالبات وہی کردار ادا کریں جو انہوں نے تحریک پاکستان کے وقت کیا تھا۔

تجمل حسین نے کہا کہ موجودہ استحصالی انتخابی نظام عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے جس نے نااہلوں اور لٹیروں کو تحفظ دے رکھا ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے تنگ نظری، انتہا پسندی اور دیگر منفی رویوں کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ تجمل حسین نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے لاکھوں طلبہ ملک میں مثبت اور حقیقی تبدیلی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے اور ہم ملک کو نا اہل اور کرپٹ قیادت سے نجات دلانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سے وابستہ طلباء و طالبات نے ہمیشہ علم کے کلچر کو فروغ دیا ہے، قلم، کتاب اور کرادر ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم منفی رویوں کے ذریعے درس گاہوں میں تعلیمی ماحول کو خراب کرنیوالوں کو بھی آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ طلباء کی اولین ترجیح علم کا حصول ہے اسی ترجیح کو ملحوظ خاطر رکھ کر ہی ملکی ترقی کیلئے کردار اد ا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعور کی بیداری مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، یہی رویہ ملک میں حقیقی تبدیلی لا سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top