چند سالوں کیلئے قومی حکومت کا قیام ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نجات دلا سکتا ہے۔ قاضی فیض
موجودہ انتخابی نظام کے تحت الیکشن میں جانیوالی جماعتیں ملک و
قوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہ دے سکیں گی
انتخابات کی رسم سے چہروں اور پارٹیوں کی سیٹوں کے تناسب میں تو کچھ تبدیلی آجائے گی
مگر ملک حقیقی تبدیلی سے محروم رہے گا
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام نے کہا ہے کہ چند سالوں کیلئے قومی حکومت کا قیام ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نجات دلا سکتا ہے۔ موجودہ انتخابی نظام کے تحت الیکشن میں جانیوالی جماعتیں ملک و قوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہ دے سکیں گی۔ انتخابات کی رسم سے چہروں اور پارٹیوں کی سیٹوں کے تناسب میں تو کچھ تبدیلی آجائے گی مگر ملک حقیقی تبدیلی سے محروم رہے گا۔ سپریم کورٹ کو ملک کو بحران سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔ وہ گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ا س موقع پر لاہور کے امیر ارشاد احمد طاہر، حفیظ اللہ جاوید، شبیر دیو اور دیگر ضلعی قائدین بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام سارے مسائل کی جڑ ہے اور عوام کو حقوق سے محروم رکھنے کا ذمہ دار ہے۔ اس لئے قوم سطحی معاملات میں الجھنے کی بجائے مسائل کی جڑ تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے حقیقی تبدیلی کیلئے لائحہ عمل قوم کے سامنے رکھ دیا ہے، اب عوام موجودہ انتخابی نظام کو بدلنے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو پہچانے۔ چند سالوں کیلئے قائم کی جانیوالی قومی حکومت میں تمام طبقات کے اہل اور باکردار لوگوں کو شامل کیا جائے۔ ملک کے بہترین دماغ کو قومی حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے کا مستحسن فیصلہ کر لیا گیا تو مستقبل کا پاکستان خطے اور دنیا میں باوقار مقام حاصل کر لے گا۔ ملکی معیشت کو مضبوط کرنے، قومی سلامتی کو لاحق خطرات، عوامی مسائل کے حل اور انتخابی اصلاحات کیلئے قومی حکومت ناگزیر ہے۔
تبصرہ