نام نہاد متعصب سکالرز اسلامی روح کو سمجھنے سے قاصر ہیں ان کے مطالعہ کا ماخذ حقیقی اسلامی فکر نہیں ہے

دین اسلام نے فرد کو انفرادی اور اجتماعی حقوق دے کر اسکی تکریم میں اضافہ کیا ہے
ڈاکٹر علامہ غلام مرتضیٰ علوی کاجامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

ڈاکٹر علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا ہے کہ "روشن خیال دانشوروں" کو علم ہونا چاہئے کہ اسلام صرف مذہب نہیں بلکہ مکمل دین ہے۔ پندرہ سو سال قبل رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو تعلیمات دیں وہ قیامت تک کی انسانیت کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہے۔ اسلامی اقدار کی خوبی ہے کہ یہ افراد کی خواہشات کے مطابق بدلتی نہیں بلکہ ان کو ہر لمحہ بھٹکنے سے بچا لیتی ہیں۔ اسلام نے مسلم ریاست کے اندر غیر مسلموں کو جو حقوق دیئے وہ ہمارے مذہب کی سنہری تاریخ ہے۔ دین اسلام نے جانوروں کے حقوق کو بھی مکمل تحفظ دیا ہے۔

وہ گذشتہ روز جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ دین اسلام نے فرد کو انفرادی اور اجتماعی حقوق دے کر اسکی تکریم میں اضافہ کیا ہے۔ مسلم ریاستوں میں انسانی حقوق کی پامالی اس لیے ہے کہ ہم نے اپنے دین کی زریں اقدار کو فراموش کر دیا ہے اس لیے امت مسلمہ تنزلی کی طرف رواں ہے اور ذلت اسکا مقدر بنا دی گئی ہے۔ مگر مغربی معاشروں میں حقوق انسانی کا تصور اسلام کے بنیادی اصولوں کے قریب تر ہے۔

 انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق اور دین اسلام لازم و ملزوم ہیں، نام نہاد متعصب سکالرز اسلامی روح کو سمجھنے سے قاصر ہیں ان کے مطالعہ کا ماخذ حقیقی اسلامی فکر نہیں ہے اس لیے وہ اسلام کے دیئے گئے حقوق کے حوالے سے متذبذب ہیں۔ انہیں مطالعے میں وسعت گہرائی اور گیرائی کی عادت اپنانی چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top