ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اقتدار قانون دانوں اور مزدورں کے ہاتھ میں دیا جائے

مورخہ: 01 مئی 2012ء

پارلیمنٹ تب مضبوط ہو سکتی ہے جب وہ غریبوں اور مزدور کے حقوق کی بات کرے گی
ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ غریبوں اور مزدورں کے حقوق کی بات کی ہے
مزدور کی تنخواہ ایک تولہ سونے کی قیمت کے برابر کی جائے
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام مزدورں کے حقوق کے تحفظ اور خوشحالی کے لیے ’’مزدور کانفرنس‘‘ سے مقررین کا خطاب

اسلام سے قبل جبری مشقت لی جاتی تھی جسے غلامی کا نام دیا جاتا تھا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غلاموں کو آزادی دلوائی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مزدور اللہ تعالی کا دوست ہے۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ سربراہ مملکت کے اعزازیہ کے برابر مزدور کی مزدوری ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام مزدورں کے حقوق کے تحفظ اور خوشحالی کے لیے ’’مزدورکانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی تمام تر سرگرمیاں غریبوں اور مزدورں کے حقوق کے لیے ہیں۔ جب تک مزدور کے حالات نہ بدلیں تو اس وقت تک پاکستان کے حالات میں بہتری نہیں آ سکتی۔

 مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں مزدور کے حقوق، تحفظ
اور خوشحالی کیلئے ’’مزدور کانفرنس‘‘سے تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر خطاب کر رہے ہیں۔ جبکہ انوار
اختر ایڈووکیٹ، جی ایم ملک، چوہدری افضل گجر اور میاں افتخار سٹیج پر بیٹھے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان جی ایم ملک نے کہا کہ اس وقت ملک بہت سے بحرانوں کا شکار ہے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اقتدار قانون دانوں اور مزدورں کے ہاتھ میں دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ تب مضبوط ہو سکتی ہے جب وہ غریبوں اور مزدور کے حقوق کی بات کرے گی۔ نجات دہندہ اس وقت انقلابی سفر کا آغاز کرتا ہے جب تک قوم اس کا دست وبازو بن جائے۔ جب قوم کا مسیحا آ جائے تو قوم اس کا ساتھ نہ دے تو اس پر عذاب مسلط ہو جاتا ہے۔ قوموں کی نمائندگی مزدور طبقہ ہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ غریبوں اور مزدورں کے حقوق کی بات کی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ہی ملک وقوم کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن مزدور کی جنگ میں مصروف عمل ہے۔ ملک کے لٹیروں، وڈیروں سے مزدوروں کو آزادی دلانا ہو گی۔ یوم مئی کے حوالے سے منعقد ہونے والی کانفرنس میں مشترکہ طور پر قرارداد پیش کی گئی۔ پاکستان عوامی تحریک نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدور کی تنخواہ ایک تولہ سونے کی قیمت کے برابر کی جائے۔ بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ مزدورں کو سستی رہائشیں مالکانہ حقوق پر مہیا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مزدورں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ غربت کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کر سکتے۔ اس لیے مزدورں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور ان کے حقوق پورے کیے جائیں۔ مزدور کانفرنس سے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید اور میاں افتخار نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top