پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے۔ فیض الرحمان درانی
موجودہ پارلیمنٹ مراعات یافتہ طبقے پر مشتمل ہے، عوام کی مشکلات کا حقیقی معنوں میں ادراک نہیں رکھتی
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمن درانی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانے اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عوام دشمن اقدام کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر دس دن بعد اضافہ حکومت کا ناقابل فہم اقدام ہے۔ ایسے فیصلے عوام سے جینے کا حق چھیننے کے مترادف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا وجود عوام کیلئے اس وقت نعمت بنتا ہے جب وہ عوام کے حقیقی نمائندوں پر مشتمل ہو مگر موجودہ پارلیمنٹ مراعات یافتہ طبقے پر مشتمل ہے اس لئے اسے عوام کی مشکلات کا حقیقی معنوں میں ادراک نہیں ہے۔ وہ اپنی عیاشیوں اور غلط حکمت عملی کے باعث ہونے والے خسارے کو عوام کا خون نچوڑ کر پورا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف مؤثر جدوجہد ہی عوام کو آئے روز کی اذیت سے نجات دلا سکتی ہے۔
تبصرہ