تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی رجسٹریشن مکمل
شہر اعتکاف میں شرکت کے لیے کراچی، کوئٹہ، پشاور اور اندرون سندھ و بلوچستان سے
قافلے آئیں گے
جامع المنہاج ٹاؤن شپ لاہور میں توبہ اور آنسوؤں کا شہر تین دن بعد آباد ہوگا
حرمین شریفین کے بعد دنیائے اسلام کے سب سے بڑے شہر اعتکاف کی رجسٹریشن کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ جامع المنہاج ٹاؤن شپ لاہور میں تین روز بعد آباد ہونے والے شہر اعتکاف میں پانچوں صوبوں اور بیرون ملک سے ہزاروں معتکفین اور معتکفات شریک ہوں گے۔ کراچی، کوئٹہ اور اندرون سندھ و بلوچستان سے معتکفین کے قافلے آئیں گے۔ شہر اعتکاف کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئیں جبکہ خواتین کے اعتکاف گاہ کے انتظامات مکمل ہیں۔ شہر اعتکاف کے لیے بنائی گئی 60 کمیٹیوں کے سربراہان نے تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ اور سربراہ اعتکاف 2012ء شیخ زاہد فیاض کو حتمی رپورٹ پیش کردی ہے۔
امسال حسب روایت توبہ، آنسوؤں اور سسکیوں کا شہر پھر سے آباد ہوگا۔ شہر اعتکاف میں انفرادی اور اجتماعی اذکار اور وظائف کے علاوہ تربیتی نشستوں کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ نماز فجر کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بیرون ملک سے ویڈیو کانفرس کے ذریعے خصوصی تربیتی خطاب کریں گے جو منہاج ٹی وی کے ذریعے پوری دنیا میں براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ ہزاروں معتکفین کی سحری وافطاری کی بروقت ترسیل کا مربوط نظام ترتیب دے دیا گیا ہے۔ شہر اعتکاف کے مکین عید کا چاند نظر آنے تک عبادات میں مشغول رہیں گے، ا للہ کی بارگاہ میں اپنے گناہوں کی معافی مانگیں گے، رب عظیم کو منانے کے لیے گریہ و زاری ہوگی اور ملکی سلامتی و استحکام اورغریب عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
تبصرہ