بہاولپور : تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ورکرز کنونشن
12 دسمبر 2012ء کو تحریک منہاج القرآن بہاولپور کے زیراہتمام ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں امیرِ تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم، سینئر نائب امیر سردار شاکر خان مزاری، مصطفوی سٹوڈنٹس مو ومنٹ جنوبی پنجاب کے صدر محمد صدیق جان اور پنجاب کے صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر عتیق چوہدری نے خصوصی شرکت کی، جبکہ تحریک منہاج القرآن کے مقامی عہدیداران سہیل کامران ایڈووکیٹ، علامہ مطوب سعیدی، مفتی فضل حیسین صدیقی، غلام یٰسین چشتی، ڈاکٹر عامر، شفیق مہروی، حافظ احمد، علامہ حامد سعیدی، حافظ ادریس خان اور محمد کلیم قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
علامہ مطلوب سعیدی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستان آمد کے موقع پر تحریک منہاج القرآن بہاولپور کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 21 دسمبر کو فرید ایکسپریس اور بسوں کے ذریعے ہزاروں لوگ مینار پاکستان پر ہونے والے سیاست نہیں ریاست بچاؤ عوامی اجتماع میں شرکت کے لیے لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔
امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام موجودہ کرپٹ سسٹم کے خلاف بغاوت کردیں، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آمد کرپٹ نظام کے ایوانوں میں زلزلہ برپا کردے گی، مینارِ پاکستان کا جلسہ پاکستانی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، ڈاکٹر طاہرالقادری قوم کو جگا کر نظام بدلنا چاہتے ہیں اور سرِ عام بدلنا چاہتے ہیں، موجودہ کرپٹ اور یزیدی نظام میں انتخابی سیاست میں واپسی کو گناہِ کبیرہ سمجھتے ہیں۔ موجودہ انتخابی نظام کینسر زدہ ہو چکا ہے، اگر یہ سسٹم جاری رہا تو پوری قوم کی موت واقع ہو جائے گی۔ اس کینسر زدہ سسٹم کی سرجری کے لیے ایک اچھے سرجن کی ضرورت تھی اور قوم کو مبارک ہو کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 23 دسمبر کو اس کینسرزدہ نظام کی سرجری کے لیے پاکستان تشریف لا ر ہے ہیں۔
سینئر نائب امیر سردار شاکر خان مزاری نے کہا کہ 23 دسمبر مینارِ پاکستان کا جلسہ تحریک منہاج القرآن کا نہیں، بلکہ پوری پاکستانی قوم کا جلسہ ہے۔ ہر محبِ وطن اور دردِ دل رکھنے والا پاکستانی اس جلسے میں شریک ہوکر موجودہ کرپٹ سسٹم کے خلاف نفرت کا اظہار کرے۔ 23 دسمبر کو ڈاکٹر طاہرالقادری موجودہ نظام کے متبادل ایک ایسا نظام دیں گے کہ جس کے ذریعے ہر پاکستانی خوشحال ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو دھوکہ دینے کا نام سیاست ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری سیاست نہیں ریاست بچانے پاکستان آ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کارکنان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 23 دسمبر کو آمد سے قبل بیداری شعور کا پیغام گھر گھر پہنچا دیں۔ ملک کی تقدیر اس وقت دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے ہاتھ میں ہے، اس لیے بیرونِ ملک سے کوئی بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں، جس وجہ سے پاکستان معاشی طور پر تباہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم عزت سے زندہ رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی روش پر چلنا ہوگا اور اگر ہم ذلت کی موت چا ہتے ہیں تو یزید کے طرزِ عمل کو جاری ر کھنے میں کوئی حر ج نہیں۔ اگر اب بھی پاکستانی قوم کا شعور بیدار نہ ہوا تو ہماری داستاں تک نہ ہوگی داستانوں میں۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 23 دسمبر کو پاکستان آمد کے حوالے سے تیاریوں کو تیز کر دیں تا کہ موجودہ کرپٹ اور استحصالی نظام کو دریا برد کیا جا سکے۔
ایم ایس ایم جنوبی پنجاب کے صدر محمد صدیق جان نے کہا کہ ملک و قوم کا اصل دشمن استحصالی اور غریب کش نظام ہے، عوام اسے سمندر برد کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دیں۔ 23 دسمبر کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے عوامی استقبال میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے اور مینارِ پاکستان پر ہونے والا جلسہ سیاست میں نئے رجحان کو جنم دے گا۔ تحریک منہاج القرآن پاکستانی عوام کو ان کے اصل دشمن کی پہچان کرائے گی، جو ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن برادری ازم، غنڈہ گردی، کرپشن، کروڑوں روپے کی ناجائز انویسٹمنٹ، بے کرداری اور نااہلیت کے ستونوں پر کھڑے نظام انتخاب کو زمین بوس کرنے کیلئے زندگی کے ہر طبقے کو اپنی جدوجہد میں شریک کر رہی ہے۔ جب تک اس نظام کی چھت کو گرایا نہیں جاتا 100 الیکشن بھی ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آمد ملک میں حقیقی تبدیلی کا آغاز ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کی رسم سے ملک کبھی بھی حقیقی تبدیلی سے ہمکنار نہیں ہوگا۔ حقیقی تبدیلی تبھی ممکن ہے، جب نظام انتخاب بدلنے کے لئے قوم اپنے کردار کو پہچان لے گی۔ ا نہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک کے کارکنان یہ ظالمانہ نظام بدلے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
تبصرہ