اصلاحات کے بغیر الیکشن ملک کو توڑنے کی سازش ہوگی : ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 07 مارچ 2013ء

اصلاحات کے بغیر الیکشن ملک کو توڑنے کی سازش ہوگی : ڈاکٹر طاہرالقادری

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جعلی ڈگری والوں کو الیکشن لڑنے سے روکنے کے معاملے پر بے بسی کا اظہار انتہائی افسوس ناک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کینیڈا سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جعلی ڈگری ثابت ہونے کے بعد ممبر آرٹیکل 63-F کے تحت صادق اورامین نہیں رہتا اورالیکشن لڑنے کے لیے نا اہل ہوجاتا ہے مگر جعلی ڈگریوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا واضح کہنا کہ ہم ایسوں کو الیکشن لڑنے سے نہیں روک سکتے۔ ملک کا مستقبل داؤ پر لگانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر کو یہ اختیار ہے کہ وہ آئین کے تقاضوں پر پورا نہ اترنے والے کو الیکشن لڑنے سے روک سکے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اصلاحات کے بغیر الیکشن ملک کو توڑنے کی سازش ہوگی۔ پوری قوم کو ملک کے مستقبل کے تناظر میں اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہوگا اور سیاسی بیداری کا ثبوت دینا ہوگا ورنہ آنے والا الیکشن پچھلے پانچ سالوں سے بھی بد تر حالات لے کر آئے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top