نگران حکومتوں کا قیام جس طرح ہوا ہے وہ پاکستان میں نام نہاد جمہوریت کی قلعی کھولنے کیلئے کافی ہے۔ رحیق احمد عباسی
انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونے والے الیکشن عوام کی آنکھوں میں دھول
جھونکنے کے مترادف ہیں
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اس ملک کی سیاست کو بدلنے کا جو خواب دیکھا ہے وہ ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا۔ نگران حکومتوں کا قیام جس طرح ہوا ہے وہ پاکستان میں نام نہاد جمہوریت کی قلعی کھولنے کیلئے کافی ہے۔ سیاسی پارٹیوں کے مفادات کا کھیل کھل کر عوام کے سامنے آ گیا ہے۔ انتخابی سیاست میں حصہ لینا یا نہ لینا سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے اور وہ فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں مگر پاکستان عوامی تحریک اس استحصالی نظام کے تحت ہونے والے الیکشن کے کھیل کو ملک و قوم کے ساتھ بڑا دھوکہ اور سنگین مذاق سمجھتی ہے۔
وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ جبکہ خرم نواز گنڈا پور، بشارت جسپال، چوہدری افضل گجر، جواد حامد، ساجد محمود بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی منزل پاکستان کو ٹوٹنے سے بچانا اور اگلی نسلوں کو خوشحال مستقبل دینا ہے۔ روایتی سیاست اور پاکستان عوامی تحریک کے ویژن میں تصادم ہے۔ موجودہ فرسودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے انتخابات کو پاکستان عوامی تحریک مسترد کرتی ہے۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک جمہوریت کی گرمجوش حامی ہے اور اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ تبدیلی کیلئے انتخابات ہی بہترین ذریعہ ہیں لیکن وہ انتخابات صاف، شفاف اور آزدانہ ہونے چاہیں۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونے والے الیکشن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہیں اور ہم اس جرم میں شریک ہو کر عوام سے دھوکہ نہیں کریں گے بلکہ اس دھوکہ کا پردہ چاک کرنے کیلئے عوام رابطہ مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔
تبصرہ