کرپشن اور بدمعاشی والا نظام کبھی بھی عوام کوحقوق نہیں دلاسکتا ہے۔ اشتیاق میر ایڈووکیٹ

مورخہ: 26 مارچ 2013ء

حقیقی تبدیلی چاہنے والے ڈاکٹر طاہرالقادری کے دست و بازوبن جائیں
الیکشن والے دن عوام کی بڑی تعداد عوامی تحریک کے دھرنوں میں شامل ہو کر موجودہ نظام کو مسترد کر دے گی

پاکستان عوامی تحریک این اے 49 کے صدر اشتیاق میر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حقیقی تبدیلی چاہنے والے ڈاکٹر طاہرالقادری کے دست و بازو بن جائیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز عالمی ورکرز کنونشن کے بعد عوامی تحریک این اے 49 کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت ہونے والے انتخابات ملک کے ساتھ فراڈ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آئے گا جب پوری قوم تسلیم کرے گی کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی بات حقیقت پر مبنی ہے۔ آئندہ بننے والی اسمبلیاں قوم کو مایوس کریں گی اور انتخابات کے نتیجے میں ملک میں انارکی پھیلے گی۔ انتخابات کے نتیجے میں غیرمستحکم حکومت بنے گی اور ملک کئی بحرانوں کا شکار ہو جائے گا۔ ایک نیا تماشا لگنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن اور بدمعاشی والا نظام کبھی بھی عوام کوحقوق نہیں دلا سکتا ہے۔ موجودہ نظام انتخاب سے کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئے گی۔ عوامی تحریک اس نظام کو مسترد کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام انتخابات مسائل کاحل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 سال سے بیداری شعور مہم کے بعد 23 دسمبر سے 17 مارچ تک کی جدوجہد کا پہلا مرحلہ 11 مئی کو اختتام پذیر ہوگا۔ اگلے مرحلے کی لیے کارکن آج سے ہی تیاریوں کا آغاز کر دیں۔

اشتیاق میر ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن والے دن موجودہ نظام سے مایوس عوام کی بڑی تعداد عوامی تحریک کے دھرنوں میں شامل ہوکر اس فرسودہ نظام کے خلاف پر امن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیںگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب عوام کی بڑی تعداد الیکشن والے دن اس نظام کے خلاف دھرنے دے کر کرپٹ نظام کو مسترد کر دے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top