موجودہ کرپٹ نظام انتخاب مزدور کے حقوق کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 01 مئی 2013ء

ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اقتدار مزدورں کے ہاتھ میں دیا جائے
ڈاکٹر طاہر القادری نے ہمیشہ غریبوں اورمزدورں کے حقوق کی بات کی ہے
پاکستان عوامی تحریک کی تمام تر سرگرمیاں غریبوں اور مزدورں کے حقوق کے لیے ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام مزدورں کے حقوق کے تحفظ اور خوشحالی کے لیے ’’مزدور کانفرنس‘‘ سے مقررین کا خطاب

موجودہ نظام انتخاب مزدور کے حقوق کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ یہی ظالمانہ، کرپٹ انتخابی نظام جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور وڈیروں کو پارلیمنٹ میں لا بٹھاتا ہے جو مزدور کا استحصال کرتے ہیں۔ اسلام سے قبل جبری مشقت لی جاتی تھی جسے غلامی کا نام دیا جاتا تھا۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غلاموں کو آزادی دلوائی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مزدور اللہ تعالی کا دوست ہے۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ سربراہ مملکت کے اعزازیہ کے برابر مزدور کی مزدوری ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام مزدورں کے حقوق کے تحفظ اور خوشحالی کے لیے ’’مزدور کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی تمام تر سرگرمیاں غریبوں اور مزدورں کے حقوق کے لیے ہیں۔ جب تک مزدور کے حالات نہ بدلیں تو اس وقت تک پاکستان کے حالات میں بہتری نہیں آ سکتی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اس وقت ملک بہت سے بحرانوں کا شکار ہے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اقتدار مزدورں کے ہاتھ میں دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ تب مضبوط ہو سکتی ہے جب وہ غریبوں اور مزدور کے حقوق کی بات کرے۔ نجات دہندہ اس وقت انقلابی سفر کا آغاز کرتا ہے جب تک قوم اس کا دست و بازو بن جائے۔ جب قوم کا مسیحا آ جائے تو قوم اس کا ساتھ نہ دے تو اس پر عذاب مسلط ہو جاتا ہے۔ قوموں کی نمائندگی مزدور طبقہ ہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ہمیشہ غریبوں اور مزدورں کے حقوق کی بات کی ہے۔ ڈاکٹر طاہرا لقادری ہی ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک لاہور پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک مزدور کی جنگ میں مصروف عمل ہے۔ ملک کے لٹیروں، وڈیروں سے مزدوروں کو آزادی دلانا ہوگی۔ یوم مئی کے حوالے سے منعقد ہونے والی کانفرنس میں مشترکہ طور پر قرارد اد پیش کی گئی۔ پاکستان عوامی تحریک نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدور کی تنخواہ ایک تولہ سونے کی قیمت کے برابر کی جائے۔ بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ مزدورں کو سستی رہائشیں مالکانہ حقوق پر مہیا کی جائیں۔ استحصالی سرمایہ داریت کا نام و نشان تک نہ ہو اور تمام ملوں اور فیکٹریوں کے منافع میں مزدور پچاس فی صد تک حصہ دار ہوں تا کہ ملک و قوم کیلئے اپنا خون پسینہ ایک کر دینے والے غریب محنت کش بھی ترقی کے حقیقی ثمرات سے مستفید ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت مزدورں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ غربت کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کرسکتے۔ اس لیے مزدورں کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے اور ان کے حقوق پورے کیے جائیں۔

مزدور کانفرنس سے فیاض وڑائچ اور تنویر اعظم سندھو، چوہدری افضل گجر، جی ایم ملک،جواد حامد، ساجد محمود بھٹی اور میاں افتخار نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top