پاکستان اور حقیقی جمہوریت کانفرنس 4 مئی کو برمنگھم میں ہو گی، ڈاکٹر طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے

مورخہ: 01 مئی 2013ء

برطانیہ سمیت یورپ بھر سے منہاج القرآن کے سینکڑوں رفقاء و عہدیداران اور ہزاروں پاکستانی شرکت کریں گے

منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے زیراہتمام پاکستان اور حقیقی جمہوریت کے عنوان سے کانفرنس 4 مئی 2013 بروز ہفتہ دن 1 بجے برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منعقد ہو گی، جس میں برطانیہ سمیت یورپ کے تمام ممالک سے منہاج القرآن کے رفقاء و عہدیداران اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن کے سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔

اس کانفرنس کا مقصد برطانیہ اور یورپ کے دیگر ممالک میں رہائش پذیر پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان میں رائج فرسودہ اور کرپٹ نظام کی خرابیوں، گزشتہ کئی دہائیوں سے وطن عزیز میں جاری لوٹ کھسوٹ، جھوٹی جمہوریت اور آئندہ انتخابات میں مُک مکا اور اس سے قبل ہونے والی جعلی سکروٹنی کے بارے آگاہ کرنا اور پاکستان میں حقیقی تبدیلی، سٹیٹس کو کے خاتمے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرقیادت منہاج القرآن انٹرنیشنل اور پاکستان عوامی تحریک کے منشور سے آگاہ کرنا ہے۔

کانفرنس کے انعقاد کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ نے برمنگھم شہر میں واقع نیو بنگلے ہال کا انتخاب کیا ہے جہاں برطانیہ کے علاوہ مختلف شہروں اور یورپی ممالک سپین، فرانس، ہالینڈ، بیلجیئم، ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فن لینڈ، جرمنی، سوئٹزر لینڈ، اٹلی، یونان اور آسٹریا سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء و وابستگان اور عوام الناس ہزاروں کی تعداد میں شرکت کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top