مذہبی و سیاسی انتہاپسندی اور تشدد سے ملک کمزور ہورہاہے۔ خرم نواز گنڈا پور

مورخہ: 02 مئی 2013ء

عوامی خوشحالی کی طرف بڑھنے کا واحد راستہ موجودہ نظام انتخاب کو کلی طور پر مسترد کرنے میں ہے
جب تک عوام ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی
11 مئی الیکشن ڈے والے دن پورے ملک میں عوام پر امن دھرنے دیکر انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سیاست میں تشدد اور انتہا پسندی خطر ناک ہے مذہبی انتہا پسندی سے ملک بدنام ہورہا ہے اور سیاستدانوں کی انتہاپسندی اور تشدد سے ملک کمزور ہورہاہے۔ عوام، لوڈ شیڈنگ، بے روز گاری، بھوک اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشانیوں سے دوچار ہیں ان کے حقوق کی کسی کو فکر نہیںاقتدار کے حصول کے لیے انتخابی رسہ کشی ہورہی ہے۔ ان دگرگوں حالات کا ذمہ دار موجودہ کرپٹ انتخابی نظام اور غیر آئینی الیکشن کمیشن ہے۔ اس غیر آئینی الیکشن کے بعد یہ آگ پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی اور ملک میں کرپشن اور دہشت گردی کا راج قائم ہو جائے گا۔ عوام کو اندازہ نہیں کہ الیکشن کے نام پر ان کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ ہونے جا رہا ہے۔ موجودہ نظام انتخاب ملک کی آزادی اور خود مختاری کے خلاف گھنائونی سازش ہے۔ اس لئے ملکی استحکام، ترقی اور عوامی خوشحالی کی طرف بڑھنے کا واحد راستہ موجودہ نظام انتخاب کو کلی طور پر مسترد کرنے میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں کیا۔ جبکہ اس موقع پر 11 مئی کو ہونیوالے احتجاجی دھرنوں کے سلسلے میں تشکیل دی گئی سو سے زائد انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ مشاورتی کونسل کے اجلاس سے ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، قاضی فیض الاسلام اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ خرم نواز گنڈا پورنے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے اور عوام کے حقوق ادا کرنے کا فریضہ ہے مگر کرپٹ نظام انتخاب کے تحت ہونے والے انتخابی عمل اور سیاسی انتہا پسندی نے عوام کے مسائل پس پشت ڈال دیے ہیں۔ سیاست آپس میں تشدداور باہمی دشمنیوں کی نذر ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں سیاسی آداب سے عاری ہیںبس افراد کا ہجوم ہے نظم وضبط کا فقدان ہے۔ سیاسی اختلاف سیاست کا حسن ہوتے ہیں مگر اختلاف کی بناپر مسلح جتھے اور ڈیتھ سیکوارڈ سے ایک دوسرے پر حملہ کرنا بیرونی طاقتوں کو اپنے معاملات میں مداخلت کرنے کا جواز پیش کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ انتخابی نظام نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔ آج ساری قوم کو اجتماعی توبہ کے ساتھ ساتھ ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو ناکام کرنے کیلئے نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی اور 11 مئی کواس فرسودہ، عوام دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کر کے ملک میں حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کی بنیاد رکھنا ہو گی۔ 11 مئی الیکشن ڈے والے دن پورے ملک میں عوام پر امن دھرنے دیکر اس انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں کیونکہ غیر آئینی اور بے ڈھنگ طریقے قائم ہونیوالی حکومت عوام کو مزید مایوسی کے سوا کچھ نہیں دے سکے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top