ملک پر قابض 3 فیصد لوگوں کو ناکام کرنے کیلئے عوام دشمن انتخابی نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔ رحیق احمد عباسی
پاکستان کے 97 فیصد وسائل پر 3 فی صد جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار
اور نااہل سیاستدان قابض ہیں
سیاستدانوں نے قومی سیاست کو فروغ دینے کی بجائے گروہی، علاقائی، لسانی اور مسلکی سیاست
کا فروغ دیا
پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا سیمینار سے خطاب
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کے 97 فیصد وسائل پر 3 فیصد جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار اور نااہل سیاستدان قابض ہیں۔ ملک میں غریب روٹی، کپڑے اور مکان جیسی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہے جبکہ امراء اور ٹیکس چور سیاستدان پرتعیش زندگی کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ ملکی ترقی کا ضامن ہر ادارہ روبہ زوال ہے۔ ساری قوم دہشت گردی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور ہوشرباء مہنگائی سے بے حال ہے اور لوگ سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ آخراس زوال و انحطاط اور پستی نے ہمارے ہی ملک کو کیوں چن لیا ہے۔ پاکستان ترقی کیوں نہیں کر سکا جبکہ ہمارے بعد آزاد ہونے والے ممالک ہم سے کہیں زیادہ مضبوط اور خوشحال ہیں۔
وہ گزشتہ روز عوامی تاجر اتحاد کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار بعنوان ’’ آخر قوم کب بیدار ہو گی؟‘‘ سے خطاب کر رہے تھے جبکہ عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی صدر حافظ غلام فرید، چودھری افضل گجر، سلیم صالح، حاجی اختر، چودھری وحید اور تاجر رہنما کثیر تعداد میں موجود تھی۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اس ملکی زبوں حالی کی بنیادی وجہ ہمارا انتخابی نظام ہے جس کے تحت اقتدار میں آنے والے سیاستدانوں نے سیاست کو کھیل تماشا بنائے رکھا اور قومی سیاست کو فروغ دینے کی بجائے گروہی، علاقائی، لسانی اور مسلکی سیاست کا فروغ دیا۔ ملک و قوم کی خدمت کی بجائے حکومت و اقتدار کو اپنا مطمع نظر بنا لیا۔ قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اس بدحالی کی ایک بڑی وجہ عدم احتساب بھی ہے۔ ہر شخص مہنگائی کی چکی میں پستا رہا اور ناانصافی، خوف و ہراس، ظلم و ستم اور بدامنی کے سائے میں جیتا رہا مگر اس نظام جبر کے خلاف آواز بلند نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی مفاد پرستانہ، ظالمانہ جمہوریت کو بچانے پر لگا رہا اگر جمہوریت حقیقی ہوتی تو اور بات تھی مگر آمرانہ جمہوریت کو فروغ دینا درست عمل نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ نظام انتخاب نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن دکھائی نہ دے گی۔ آج ساری قوم کو ملک پر قابض 3 فیصد لوگوں کو ناکام کرنے کیلئے اس انتخابی نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔ 11 مئی کو عوام اس ملک دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کرنے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے۔ 11 مئی الیکشن ڈے والے دن پورے ملک میں عوام پرامن دھرنے دے کر اس انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کے حقیقی نمائندوں کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانا ہے اگر عوام نے موجودہ نظام انتخاب کے تحت ووٹ ڈالے تو یہ اپنا مستقبل ایک بار پھر لٹیروں اور چوروں کے ہاتھوں میں بیچنے کے مترادف ہو گا۔
تبصرہ