11 مئی کے دھرنوں میں شرکت موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف ووٹ اور عوام کا عدم اعتماد ہو گا۔ عمر ریاض عباسی

مورخہ: 09 مئی 2013ء

بنگش کالونی پیر ودھائی کے عوام دھرنے میں شامل ہوں۔ مقصود عباسی
موجودہ نظام انتخاب کے تحت ہونے والے الیکشن عوام کے مسائل کا حل نہیں ہیں۔ غلام علی خان
الیکشن کمیشن کی 10 اور 15 لاکھ کی پابندی کو ہر حلقے میں ہوا میں اڑایا جا رہا ہے
بنگش کالونی میں دھرنا عوامی موٹر سائیکل ریلی سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ 11 مئی کے دھرنوں میں شرکت موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف ووٹ اور عوام کا اس نظام سے عدم اعتماد کا اظہار ہو گا۔ استحصالی نظام انتخاب کو مسترد کرنے کا فیصلہ کرنے والے 11 مئی کو سرخرو اور کرپٹ نظام کاحصہ بننے والے مایوس ہوں گے۔ جمہوریت اور ووٹ موجودہ نظام انتخاب میں ووٹ دینا ووٹ کا تقدس مجروح کرنا ہے ۔ انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت اور اپوزیشن دونوں کرپشن سے بنیں گی۔ الیکشن جیتنے والے گھوڑوں کے بڑے ریٹ لگیں گے، ممبران کی بولیاں لگیں گی۔ الیکشن کے بعد ایسی ہارس ٹریڈنگ ہو گی دنیا تماشا دیکھے گی۔ سیاسی منڈی لگے گی جس کے ذمہ دار کرپشن کو تحفظ دینے والے ادارے ہوں گے۔

اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق وہ گزشتہ روز راولپنڈی کے علاقے بنگش کالونی میں موٹر سائیکل ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرمقصود عباسی، غلام علی خان، حاجی عبدالغفور، شیخ جاوید عالم، نور عالم، شکیل لودھی، صوفی سیف الرحمن عباسی، شیخ فیاض، شیخ عمر، شعیب زمان، عبدالمنان، شعیب عباسی اور دیگر عہدیداران و کارکنان اور عوام بڑی تعدا میں موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ جن سیاسی و مذہبی جماعتوں نے الیکشن کیلئے بیرون ممالک سے خطیر فنڈ لیا ہے جو لوگ الیکشن دوسرے ملکوں سے کھربوں روپے کا فنڈ لے کر لڑ رہے ہیں وہ ملک کی آزادی و خود مختاری کی حفاظت کیسے کریں گے ؟

عمر ریاض عباسی نے کہا کہ جھوٹا حلف اٹھانے والے دنیا بھر میں کہیں نہیں صرف پاکستان میں الیکشن لڑنے کے اہل ہو تے ہیں۔ پیمرا کی رپورٹ کے مطابق سیاسی جماعتیں ڈھائی سے تین ارب روپے کی میڈیا کمپین چلا رہی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی 10 اور 15 لاکھ کی پابندی کو ہر حلقے میں ہوا میں اڑایا جا رہا ہے۔

غلام علی خان نے کہا کہ 11 مئی کے الیکشن کے بعد بننے والی جعلی پارلیمنٹ عوام کے مسائل تو دور کی بات اس کا زیادہ دیر چلنا بھی مشکل ہے۔ الیکشن ٹربیونلز نے تمام نااہل اور جعلی ڈگری والوں کو کلیئرنس سرٹیفیکیٹ دے کر پاک کر کے ازخود دھاندلی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے باشعورعوام ووٹ ڈالنے کی بجائے عوامی تحریک کے دھرنے میں شامل ہو کر عوام کش نظام کے خلاف اپنافیصلہ سنادیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top